قوم نے بہادری سے چےلنجز کا سامناکےا ، کامےابی کی بھاری قےمت چکائی، آرمی چیف

  • ہمیں متحد اور پرعزم ہو کر ملک کو امن و خوشحالی کی حقیقی منزل تک لے جانا ہے ،جنرل قمر جاوید باجوہ ، سانحہ کی چوتھی برسی کے موقع پر ملک بھر میں شہداء کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی محافل منعقد کا انعقاد
  • ”ہمیں آگے ہی جانا ہے، دشمن کو ناکام بنانا ہے“ آئی ایس پی آر کی طرف سے خصوصی نغمہ جاری ، قومیں یقین محکم اور جدوجہد سے کامیاب ہوتیں ہیں، قیام امن کو ہر صورت ممکن بنانے کیلئے قوم متحد ہے ،میجر جنر ل آصف غفور

راولپنڈی(الاخبار نیوز) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہداء کے بہادر والدین کو سلام پیش کرتے ہیں۔ملک میں سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہداء کی چوتھی برسی ہے منائی گئی اور ملک بھر میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقریبات منعقد کی گئیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہداء کے بہادر والدین کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قوم نے بہادری سے چیلنجز کا مقابلہ کیا اور اس کامیابی کیلئے بھاری قیمت چکائی ہے۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہمیں متحد اور پرعزم ہو کر پاکستان کو امن و خوشحالی کی حقیقی منزل تک لے جانا ہے اور پاکستان کی حقیقی منزل امن و خوشحالی ہے۔۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سانحہ اے پی ایس کی چوتھی برسی ملک بھر میں انہتائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی مختلف شہروں میں شہداء کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی محافل منعقد کی گئیں اور دعائیں مانگی گئیں۔ دریں اثناء ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہداء کیلئے نیا نغمہ جاری کردیا گیا ہے، جس کے بول کچھ یوں ہیں کہ “ہمیں آگے ہی جانا ہے، دشمن کو ناکام بنانا ہے‘ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک ٹوئٹ میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ قومیں یقین محکم اور جدوجہد سے کامیاب ہوتیں ہیں۔ ہم مقاصد میں کامیاب ہوں گے انہوں نے مزید کہا کہ قوم متحد ہے اور ہم قیام امن کو ہر صورت ممکن بنائیں گے۔

Scroll To Top