پاکستان خطے میں اہم اتحادی ہے، فوجی تعلقات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی: پینٹاگون

  • دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات ہیں،افغانستان کیلئے اسلام آباد کا کردار کلیدی رہا ہے،راب میننگ

واشنگٹن( آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کے بعد امریکی وزارت دفاع نے اسلام آباد کو جنوبی ایشیاء میں واشنگٹن کا اہم اتحادی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے فوجی تعلقات میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں آئی۔ڈائریکٹر پریس آپریشنز پینٹاگون کرنل راب میننگ نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کے دوران بتایا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں امریکا کا اہم اتحادی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خطے میں پاکستان اور امریکا کے مشترکہ مفادات ہیں اور پرامن اور مستحکم افغانستان کے لیے پاکستان کا کردار کلیدی رہا ہے۔راب میننگ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اورامریکا فوجی تعلقات میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں آئی۔ دوسری جانب اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ پاکستان کی سکیورٹی معاونت معطل معطل کررکھا ہے جبکہ پاکستان کو مذہبی آزادی کی مبینہ سنگین خلاف ورزی کرنے والے ممالک سے متعلق خصوصی واچ لسٹ میں بھی شامل کردیا گیا۔امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نوئرٹ کا کہنا تھا کہ حقانی نیٹ اور دیگر افغان طالبان کے خلاف کارروائی تک معاونت معطل رہے گی۔واضح رہے کہ حال ہی میں ایک ٹی وی انٹرویو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو نظرانداز کرتے ہوئے کہا کہ تھا پاکستان نے ہمارے لیے کچھ بھی نہیں کیا۔امریکی صدر نے بعدازاں گزشتہ روز ٹوئٹر پر بھی اسی قسم کے بیانات داغے، جس پر پاکستان کی سیاسی جماعتوں اور حکومت کی طرف سے بھر پور جواب دیا گیا

Scroll To Top