وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس : فاٹاانضمام اور طاہر داوڑ کی شہادت بارے بریفنگ

  • صوبے میں نئے شامل ہونے والے اضلاع کو قومی دہارے میں شامل کرنے کیلئے اقدامات جاری ہیں، وزیر اعلیٰ کے پی کے

پشاور(الاخبارنیوز)وزیراعظم پاکستان عمران خان کی زیر صدارت آج اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے وزیراعظم کو فاٹا انضمام اور ایس پی محمد طاہر داوڑ کی شہادت کے واقعہ کے تناظر میں بریفینگ دی۔وزیراعلیٰ نے انضمام کے بعد صوبے میں شامل ہونے والے نئے اضلاع میں 9 صوبائی محکموں کی توسیع کے فیصلے سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے میں نئے شامل ہونے والے اضلاع کو قومی دہارے میں شامل کرنے کیلئے اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔ عوام کو ریلیف دینا بنیادی مقصد ہے۔وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کو سابقہ فاٹا جو نئے اضلاع کی شکل میں صوبے میں شامل ہو چکے ہیں کا دورہ کرنے کی ہدایت کی ۔اجلاس میں وزیراعلیٰ نے ایس پی محمد طاہر داوڑ کی شہادت کے واقعہ سے متعلق بھی بریف کیا اور شہید ایس پی محمد طاہر داوڑ کو شہید پیکج دینے کی منظوری دی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہیدایس پی کے اہل خانہ کو شہید پیکج کے تحت تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔وزیراعلیٰ نے سکیورٹی اورپیشگی اطلاعات کے نظام کو منظم کرنے کیلئے اقدامات سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔دریں اثناءصوبائی حکومت کے ترجمان اجمل وزیر نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کے نئے اضلاع کے دورے کو حتمی شکل دینے کیلئے طریقہ کار وضع کیا جارہا ہے۔

Scroll To Top