ن لیگ کو ایک اور دھچکا:تحریک انصاف نے سینٹ کی دونوںنشستیں چھین لیں

  • سیمی ایزدی اور ولید اقبال کامیاب قرار ، سائرہ افضل تارڑ اور سعود مجید ناکام

لاہور (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دو سینیٹروں سعدیہ عباسی اور ہارون اختر عبدالرحمن کی نااہلی کے باعث خالی ہونے والی سینٹ کی دو نشستوں پر ضمنی الیکشن کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی نامزد خاتون امیدوار سیمی ایزدی اور شاعر مشرق علامہ اقبال کے پوتے ولید اقبال کامیاب قرار پا گئے ہیں۔ کامیاب ہونے والے ان دونوں امیدواروں کا مقابلہ مسلم لیگ (ن) کی نامزد خاتون امیدوار سائرہ افضل تارڑ اور سعود مجید کے ساتھ تھا۔ الیکشن سے قبل پاکستان تحریک انصاف 25 ووٹوں کی برتری کا دعویٰ کر رہی تھیم۔ گزشتہ روز ہونے والے الیکشن میں پنجاب اسمبلی کے 369 اراکین کے ایوان میں سے 367 اراکین پنجاب اسمبلی نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ ووٹ نہ ڈالنے والے 3 اراکین اسمبلی جن میں سہیل شوکت بٹ اور دیگر دو اراکین شامل ہیں۔ عمرے کی ادائیگی اور نجی دورے کے باعث اپنا حق رائے استعمال نہ کر سکے۔ جبکہ پنجاب اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے 7 امیدواروں نے مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدواروں کی حمایت میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ پنجاب اسمبلی میں ہونے والے الیکشن میں پولنگ کا عمل صبح نو بجے شروع ہو کر بلاتعطل شام 4 بجے تک جاری رہا۔ جس کے بعد ریٹرننگ افسر نے ایوان میں موجود تمام ارکان کو ایوان سے باہر نکال دیا اور گنتی کا عمل شروع کر دیا، سینٹ کی خالی نشستوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی، صوبائی وزرائ، مشیران اور دونوں اطراف کے ارکان اسمبلی نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ ریٹرننگ افسر نے تمام ارکان اسمبلی پر اپنے ساتھ مہمانوں، ذاتی ملازمین، موبائل فون، کیمرہ اور اسلحہ لے جانے پر پابندی عائد کر رکھی تھی۔ کامیاب ہونے والے امیدواروں ولید اقبال نے 184 ووٹ حاصل کیے اسی طرح سیمی ایزدی نے 180 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مقابلے میں شکست کھانے والے (ن) لیگی امیدوار سعود مجید نے 176 ووٹ حاصل کیے اور سائرہ افضل تارڑ نے 175 ووٹ حاصل کیے، غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سعود مجید نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ ان کے 4 ووٹ ضائع ہوئے ہیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے 6 ووٹرز نے (ن) لیگ کے امیدواروں کے حق میں ووٹ ڈالے ہیں

Scroll To Top