مک مکا کرکے  نہیں کھیلیں گے:شہباز شریف کی PAC کی سربراہی کا مطالبہ غیر اخلاقی ہے،فواد چوہدری

  • سابق اپوزیشن لیڈر کے لیے ن لیگ حکومت کا پیکج دیکھا جائے، سب کو مک مکا کی عادت پڑچکی ہے، اپوزیشن کو اس بات کی تکلیف ہے کہ مقدمات ختم نہیں کیے جا رہے ، ان سے پوچھ گچھ نہ کی جائے تو سب اچھا ہے
  • ن لیگ کا شہبازشریف کو پی اے سے کی سربراہی دینے کا مطالبہ اتنا ہی غیر اخلاقی ہے جتنا ان کی پانچ سال کی حرکتیں ، شہبازشریف کس طر ح اپنے بڑے بھائی کے کارناموں کا آڈٹ کرپائیں گے،دی۔وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فواد چوہدری نے بتایا کہ کابینہ نے 120 فیصلے لیے جن میں سے 72 پر مکمل عملدرآمد ہوا اور صرف 4 فیصلے ایسے ہیں جن پر 72 دن گزرنے کے باوجود فیصلہ نہیں ہوا، کابینہ نے متعلقہ وزارتوں کو ان پر فوری عمل درآمد کی ہدایت کردی ہے۔وزیراطلاعات نے بتایا کہ کابینہ نے ایس ای سی پی کا نیا بورڈ تشکیل دے دیا ہے جب کہ اجلاس میں برطانیہ اور پاکستان میں قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔آسیہ بی بی کے بیرون ملک روانگی کی خبروں پر ان کا کہنا تھا کہ آسیہ کے معاملے پرتاثردیا گیا کہ آسیہ بی بی کوغیر ملکی سفیر لے کر چلا گیا ہے۔ آسیہ بی بی کے معاملے پر غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی گئی۔ پاکستان ایک خود مختار ملک ہے، کسی کے کہنے پر کچھ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ذمہ دارانہ صحافت کا جائزہ لے رہے ہیں، اس طرح کی رپورٹنگ کے نتیجے میں جان ومال کا خطرہ ہوسکتا تھا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پچھلے اپوزیشن لیڈر کے لیے وفاقی حکومت کا پیکج دیکھا جائے، سب کو مک مکا کی عادت ہوگئی ہے، وزیراعظم عمران خان مک مکا کرکے نہیں کھیلیں گے، اپوزیشن کو اسی بات کی تکلیف ہے کہ ان کے مقدمات ختم کیے جائیں۔ ان سے کوئی سوال جواب نہ کیا جائے تو سب ٹھیک رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب مل کر کھیلنے والا سسٹم ختم ہوچکا ہے۔ جس نے اداروں کو تباہ کیا ان کا احتساب کیا جائے گا اور لازمی کیا جائے گا۔ کابینہ کے فیصلوں پر فوری عمل درآمد کا لائحہ عمل بنایا گیا ہے، وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ پبلک اکاونٹس کمیٹی کی صدارت کے معاملے پر ڈیڈ لاک برقرار ہے ، (ن) لیگ کا شہبازشریف کو پی اے سے کی سربراہی دینے کا مطالبہ اتنا ہی غیر اخلاقی ہے جتنا ان کی پانچ سال کی حرکتیں ہیں، کس اصول پر شہبازشریف اپنے بھائی کے پروجیکٹ کا آڈٹ کریں گے، ہم کہہ رہے ہیں کہ اپنے آڈٹ ہمیں کرلینے دیں اور ہمارے آپ کرلیں۔

Scroll To Top