سابق ایم ڈی پی ٹی وی عطاالحق قاسمی کی تقرری غیر قانونی قرار

  • تقرر ی کے ذمہ داران سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار، سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید اور سابق پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد قرار
  • عطا الحق قاسمی کو 19 کروڑ روپے سے زائد کی لی گئی مراعات ‘تنخواہیں پرویز رشید، اسحٰق ڈار اور فواد حسن فواد سے وصول کرنے کا حکم

اسلام آباد(آن لائن) سپریم کورٹ نے پاکستان ٹیلی ویڑن (پی ٹی وی) کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) کی تقرری غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عطاالحق قاسمی بطور ایم ڈی لی گئیں مراعات اور تنخواہ کے حقدار نہ تھے۔جمعرات کو جسٹس عمر عطا بندیال نے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3رکنی بنچ کا ایم ڈی پی ٹی وی عطا الحق قاسمی کی تقرری سے متعلق از خود نوٹس کا 12جولائی 2018کو محفوظ کیا گیا فیصلہ پڑھ کر سنایا ۔فیصلے میں ایم ڈی پی ٹی وی کے تقرر کا ذمہ دار سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار، سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید اور سابق پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کو قرار دیا گیا ۔عدالتی فیصلے میں عطاالحق قاسمی کی جانب سے 19 کروڑ78 لاکھ 60 ہزار روپے کی لی گئی مراعات اور تنخواہوں کو پرویز رشید، اسحٰق ڈار اور فواد حسن فواد سے وصول کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ عطاالحق قاسمی نے بطور ایم ڈی جو احکامات دیے وہ اور اپنی مدت کے دوران جتنی تنخواہ اور مالی فوائد حاصل کیے سب غیر قانونی ہیں۔سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق عطاالحق قاسمی کسی بھی سرکاری عہدے کیلئے تاحیات نااہل ہوں گے،ساتھ ہی عدالت عظمیٰ نے یہ بھی حکم دیا کہ اگر ایم ڈی پی ٹی وی کا عہدہ خالی ہے تو مستقل طور پر تعیناتی کی جائے۔بعد ازاں عدالتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ معزز جج نے فیصلہ سنایا ہے، اس پر ہمارا اختلاف اور نقطہ نظر ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر وکلا سے مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کروں گا۔واضح رہے کہ عطاءالحق قاسمی کو 23 دسمبر 2015 کو پی ٹی وی کا چیئرمین تعینات کیا گیا تھا تاہم ان کے حوالے سے تنازع اپریل 2017 میں سامنے آیا تھا جب انہوں نے خود کو ایم ڈی پی ٹی وی منتخب کر لیا تھا۔تنازع سامنے آنے کے بعد اس وقت کے سیکریٹری اطلاعات سردار احمد نواز سکھیرا کو قائم مقام ایم ڈی پی ٹی وی تعینات کیا گیا تھا جبکہ انہوں نے دسمبر 2017 میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دےدیا تھا۔بعد ازاں عطاءالحق قاسمی نے مبینہ طور پر وزرات اطلاعات و نشریات کے مایوس کن رویے سے دلبرداشہ ہو کر بطور چیئرمین پی ٹی وی 14 دسمبر 2017 کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دےدیا تھا۔اس واقعے کے بعد چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ایم ڈی پی ٹی وی کی تقرری سے متعلق از خود نوٹس لیا تھا اور ان پر ہونے والے سرکاری اخراجات کے آڈٹ کروانے کا بھی حکم دیا تھا۔

Scroll To Top