ماضی کی حکومتوں نے ملک کیساتھ جو کچھ کیا وہ دشمن بھی نہیں کرتا، عمران خان

  • ملک کو اندرونی و بیرونی قرضوں کی دلدل میں دھکیل دیاگیا، بڑے بڑے قومی ادارے خسارے کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، تاجروں کے وفد سے گفتگو
  • ایک لاکھ پاکستانیوں کو قطر میں نوکریاں دینے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں،وزیراعظم کی قطری وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران گفتگو

اسلام آباد(الاخبار نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے ملک کو اندرونی و بیرونی قرضوں کی دلدل میں دھکیلا بڑے بڑے قومی ادارے خسارے کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں ملک اس وقت مشکل معاشی حالات سے دو چار ہے‘ جو کچھ ماضی کی حکومتوں نے کیا وہ دشمن بھی نہیں کرتا۔ جمعہ کو وزیراعظم عمران خان سے ایف پی سی سی آئی اور تاجروں کے وفد نے ملاقات کی‘ وفد نے وزیراعظم کو دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کیلئے 9 کروڑ 19 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ملک مشکل معاشی حالات سے دو چار ہے ماضی کی حکومتوں نے ملک کو اندرونی و بیرونی قرضوں کی دلدل میں دھکیلا اور اداروں کو مکمل تباہ کردیا۔ بڑے بڑے قومی ادارے خسارے کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں اس وقت اسٹیل مل‘ پاکستان ریلوے سمیت دیگر ادارے خسارے میں ہیں جو کچھ ماضی کی حکومتوں نے کیا وہ دشمن بھی نہیں کرتا بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان سے قطر کے ڈپٹی وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد بن عبد الرحمان نے ملاقات کی۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور قطر کے وزیر خارجہ نے امیر قطر کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کو نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔قطری ڈپٹی وزیر اعظم و وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ امیر قطر پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات کو مضبوط بنانے کے خواہش مند ہیں اور پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے لئے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاک قطر تعلقات کو مضبوط بنانے کے خواہش مند ہیں اور امید ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعاون میں اضافہ ہوگا۔وزیر اعظم نے قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ قطر کے ایک لاکھ پاکستانیوں کو روزگار دینے کے فیصلے پر جلد عمل درآمد کے خواہش مند ہیں۔وزیراعظم نے قطر کی ترقی وخوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق محمد بن عبدالرحمان نے ایک روزہ دورے پر اسلام ا?باد پہنچے کے بعد اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کی۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ وزیرخارجہ کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں اضافے پر زور دیا گیا۔ملاقات میں قطری وزیرخارجہ نے انتخابات میں کامیابی پر امیر قطر کا مبارکباد کا پیغام پہنچایا جس پر شاہ محمود قریشی نے ان کا شکریہ ادا کیا۔وزیر خارجہ نے قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان میں زراعت، لائیو اسٹاک، توانائی اور ریفائنری کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وہ قطر کے ایک لاکھ پاکستانیوں کو نوکری دینے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

Scroll To Top