بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیاجائیگا:شاہ محمود قریشی

  • ہمارا ہمسایہ کشمیر میں کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں کررہا ہے، وزیر خارجہ

شاہ محمود قریشینیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے کنٹرول لائن کے پار سے کوئی مہم جوئی کی یا پاکستان کے خلاف کسی جارحیت کا ارتکاب کیا تو اس کا موثر بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائیگا۔نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں کررہا ہے جن کا مقصد کشمیر میں جاری مظالم اور انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانا ہے تاہم پاکستان نے ضبط وتحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی لیڈر داخلی صورتحال کے زیر اثر دوطرفہ امن کے معاملے پر سیاست کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بخوبی اپنے مفادات کا تحفظ کرنا جانتا ہے۔وزیرخارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے انکی ملاقات مفید رہی جو جلد بھارت اور پاکستان کا دورہ کریںگے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ میں جامع اصلاحات کا حامی ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ میں توہین آمیز خاکوں کا معاملہ اٹھا کر اسلامی ملکوں کے جذبات کی نمائندگی کی۔وزیرخارجہ نے کہا کہ گزشتہ چھ روز کے دوران انہوں نے چین اور روس کے وزرائے خارجہ سمیت مختلف عالمی رہنماﺅں کے ساتھ چون ملاقاتیں کیں اور مختلف عالمی معاملات پر انہیں پاکستان کے موقف سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کومشرق وسطی کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال اور افغان مسئلے کا حل تلاش کرنے کیلئے پاکستان، چین اور افغانستان کے رہنماﺅں کا سہ فریقی اجلاس دسمبر میںہوگا۔وزیرخارجہ نے کہا کہ وہ امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کے ساتھ منگل کو اپنی ملاقات کے دوران دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کریںگے۔

Scroll To Top