حسن، حسین نواز کا پاکستان نہ آنے کا فیصلہ

  • کلثوم نواز کی وفات خاندان کیلئے بڑا دھچکا ہے، مرحومہ کی جمہوریت سے وابستگی اٹل تھی ، ہر مشکل کا ڈٹ کر مقابلہ کیا،شہباز شریف
  • نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی پےرول پر رہائی کا امکان،نماز جنازہ سے لے کر تدفین تک رہائی دی جائے گی، محکمہ داخلہ

حسن، حسین نواز کا پاکستان نہ آنے کا فیصلہ

اسلام آباد (الاخبار نیوز) شریف خاندان کے ذرائع کے مطابق مرحومہ بیگم کلثوم نواز کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز اپنی والدہ کی میت کے ساتھ پاکستان نہیں آئیں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نے اپنی والدہ کی میت کے ساتھ پاکستان نہ آنے کا فیصلہ کیا ہے، دونوں لندن میں ہی موجود رہیں گے اور جمعرات کے روز ریجنٹ اسلامک سینٹر میں بیگم کلثوم نواز کی نمازِ جنازہ میں شرکت کریں گے۔شریف خاندان کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بیگم کلثوم نواز کی میت جمعرات کی شام پی آئی اے کی پرواز سے لائی جائیگی، کلثوم نواز کی بعد نماز جمعہ کے بعد جاتی امرا میں تدفین کی جائے گی۔۔۔سابق وزیرِاعلیٰ پنجاب اور مرحومہ بیگم کلثوم نواز کے دیور میاں محمد شہباز شریف نے ان کے انتقال کو خاندان کیلئے بڑا دھچکا قرار دیا ہے۔میاں شہباز شریف نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کا لندن کے ہارلے سٹریٹ کلینک میں انتقال ہو گیا ہے، وہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ مرحومہ کی میت کو پاکستان لایا جائے گا، پہلی دستیاب فلائٹ سے لندن روانہ ہونگا۔ ان کا کہنا تھا کہ کہا کہ نواز شریف نے ہر مشکل میں اہلیہ سے مشاورت کی۔ بیگم کلثوم نواز نے ڈکٹیٹرشپ کو چیلنج کیا، مرحومہ کی جمہوریت سے وابستگی اٹل تھی، کلثوم نواز کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے ادھر سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر)محمد صفدر کو بیگم کلثوم نواز کی تدفین کے لیے پیرول پر رہائی دی جائے گی۔ذرائع محکمہ داخلہ کے مطابق اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کو کلثوم نواز کی نماز جنازہ سے لے کر تدفین تک رہائی دی جائے گی۔ذرائع محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ پے رول پر رہائی کے لیے درخواست ملنا ضروری ہے۔یاد رہے کہ کینسر کے مرض میں مبتلا سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز گزشتہ کئی ماہ سے لندن کے اسپتال میں زیرعلاج تھیں جو آج انتقال کرگئیں۔

Scroll To Top