عارف علوی نے 13ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھالیا

  • پاکستان میں جمہوریت پھل پھول رہی ہے جو مستقبل میں مزید مضبوط ہوگی، جنرل قمر جاوید باجوہ کی تقریب کے بعد صحافیوں سے گفتگو، امریکہ کی ڈاکٹر عارف علوی کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد
  • تقریب میں وزیر اعظم ، چیف جسٹس ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ،تینوں مسلح افواج کے سربراہان ، چیئرمین سینٹ ، سپیکر قومی اسمبلی ،گور نرز، وفاقی وزراء،غیر ملکی سفراء، چینی وزیر خارجہ اور سعودی وزیر اطلاعات کی بھی شرکت
اسلام آباد:۔ چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نو منتخب صدر ڈاکٹر عارف علوی سے انکے عہدے کا حلف لے رہے ہیں، سبکدوش صدر ممنون حسین بھی تشریف فرما ہیں

اسلام آباد:۔ چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نو منتخب صدر ڈاکٹر عارف علوی سے انکے عہدے کا حلف لے رہے ہیں، سبکدوش صدر ممنون حسین بھی تشریف فرما ہیں

اسلام آباد (این این آئی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک کے 13ویں صدر کی حیثیت سے عہدے کا حلف اٹھالیا۔ اتوار کو ایوان صدر میں منعقدہ تقریب کے دوران چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے صدر مملکت عارف علوی سے حلف لیا۔ حلف اٹھانے کے بعد صدر مملکت نے حلف نامے پر دستخط کیے جس کے ساتھ ہی ممنون حسین کی پانچ سالہ مدت صدارت ختم ہوگئی۔تقریب حلف برداری میں وزیراعظم عمران خان، چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل زبیر محمود حیات ،چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین ،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو، گورنر سندھ عمران اسماعیل، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان کے علاوہ غیرملکی سفیروں سمیت تاجر کمیونٹی کے نمائندوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی حلف برداری کی تقریب میں شریک ہوئی جبکہ صدر مملکت کی تقریب حلف برداری میں سعودی عرب کے وزیر اطلاعات عواد بن صالح اور چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی ۔یاد رہے کہ ڈاکٹر عارف علوی 4 ستمبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں 352 الیکٹورل ووٹ لے کر ملک کے آئندہ صدر کی حیثیت سے منتخب ہوئے تھے۔نو منتخب صدر ڈاکٹر عارف علوی نے زمانہ طالب علمی سے سیاست میں حصہ لینا شروع کیا اور 1996 میں پاکستان تحریک انصاف کی بنیاد رکھنے والوں میں شامل تھےپیشے کے اعتبار سے نو منتخب صدر ڈینٹسٹ ہیں جو پہلی بار 2013 کے انتخابات میں کراچی سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔واضح رہے کہ سبکدوش ہونے والے صدر مملکت ممنون حسین کو مدت صدارت ختم ہونے پر گزشتہ روز الوداعی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ،سابق صدر نے گارڈ آف آنر کے بعد ایوان صدر کے ملازمین سے فرداً فرداً مصافحہ کیا اور پھر ممنون حسین ایوان صدر سے روانہ ہوئے۔اس موقع پر صدر ممنون حسین نے اپنے الوداعی خطاب میں کہا کہ آئین وقانون کی پاسداری اور اچھی حکمرانی میں ہی وطنِ عزیز کی ترقی اور خوشحالی پوشیدہ ہے۔صدر ممنون حسین نے ایوانِ صدر کے عملے کا شکریہ ادا کیا، جن کے تعاون سے وہ اپنی سرکاری ذمہ داریاں احسن انداز میں پوری کر پائے۔۔۔ دریں اثناء آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت پھیل رہی ہے۔ڈاکٹر عارف علوی کی حلف برداری کی تقریب کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت پھل پھول رہی ہے جو مستقبل میں مزید مضبوط ہوگی۔ڈاکٹر عارف علوی کی تقریب حلف برداری پر تبصرہ کرتے ہوئے آرمی چیف نے اسے جمہوریت کے تسلسل کیلئے شاندار لمحہ قرار دیا۔ ادھر امریکہ نے ڈاکٹر عارف علوی کو پاکستان کا نیا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیتھر نوریٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکہ علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی جیسے اپنے مشترکہ مفادات کے فروغ کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔

Scroll To Top