وزیراعظم سے چینی اور سعودی وزراءکی ملاقاتیں،دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق

  • سی پیک سے خطے میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ اور دونوں ممالک میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، چینی وزیر خارجہ سے گفتگو
  • وزیراعظم ۔سعودی وزیر اطلاعات ملاقات میں خطے کی سکیورٹی، دہشتگردی کیخلاف جنگ بالخصوص دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیالات

وزیراعظم سے چینی اور سعودی وزراءکی ملاقاتیں،دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاقاسلام آباد( آن لائن)وزیراعظم عمران خان سے چینی وزیر خارجہ اور سعودی عرب کے وزیر اطلاعات نے وزیر اعظم ہاﺅس میں الگ الگ ملاقاتیں کیں ، ملاقاتوں میں ممالک کی سطح پر تعلقات کو مزید فروغ دینے سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ،سعودی حکام نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی طرف سے عمران خان کو وزیر اعظم بننے پر مبارکباد پیش کی اور انہیں سعودی عرب کے دورے کی دعوت بھی دی جبکہ وزیراعظم نے دونوںممالک سے پاکستان کے خوشگوار تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی اور سعودی وزیر اطلاعات عواد بن صالح نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے چینی وزیرخارجہ سے ملاقات میں کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی ہر آزمائش میں پوری اتری ہے، چین ہمارا بااعتماد دوست ہے، وزیراعظم نے مزید کہا کہ سی پیک منصوبے سے خطے میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا اور دونوں ممالک میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، انھوں نے کہا کہ چین کی ترقی دیگر ممالک کیلئے ایک مثال ہے۔ وزیراعظم نے چینی وزیرخارجہ کو سی پیک منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کی یقین دہانی بھی کروائی۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے وزیراعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد اور چین کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔وزیراعظم عمران خان نے سعودی وزیر اطلاعت سے ملاقات کے موقع پر کہا کہ پاکستان سعودی عرب سے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک مضبوط رشتے میں جڑے ہیں اور پاکستانی عوام بھی لگاو رکھتے ہیں۔ وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی اور وزیراطلاعات فواد چودھری کے علاوہ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔وزیراعظم اور سعودی وزیر اطلاعات نے خطے کی سکیورٹی صورتحال اور پاک سعودیہ برادرانہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا جب کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی خدمات پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر سعودی وزیر اطلاعات نے پاکستان کی خدمات کو سراہا۔عواد بن صالح نے سعودی عرب کے مختلف ممالک کے ساتھ تنازعات کے حوالے سے پاکستانی حکومت کو اعتماد میں لیا اور فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان اور سعودی عرب ایک دوسرے کے ساتھ دفاعی اورمعاشی تعلقات کو مزید بہتر بنائیں گے۔سعودی عرب کے وزیر اطلاعات اور ثقافت عواد بن صالح العواد نے وزیر اعظم عمران خان کو یقین دلایا کہ خطے میں قیام امن اور استحکام کے لیے سعودی عرب پاکستان کے اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

Scroll To Top