وزیر اعظم کا دورہ جی ایچ کیو:پاک فوج اور حکومت دفاع پاکستان کیلئے یک زباں

  • فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کی ستائش ، ملک کو درپیش اندرونی اور بیرونی چیلنجز پر قوم کی مدد سے قابو پالینگے، فوج کی صلاحیتیں بڑھانے کے لیے تمام ضروری وسائل مہیا کرےں گے، ہماری منزل آگے بڑھنا ہے ، مثبت سوچ اور دوسری اقوام سے اچھے مراسم کے ساتھ آگے بڑھیں گے، عمران خان
  • وزیراعظم نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور خراج عقیدت پیش کیا، دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں، کراچی آپریشن اور خوشحال بلوچستان پر تفصیلی بریفنگ، فوج مادر وطن کی حفاظت کےلئے قوم کی توقعات پر پورا اترے گی، جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر اعظم اور کابینہ ارکان کو دنیا کی بہترین فوج کی کمانڈ سے ملاقات پر فخر ہے،فواد چوہدری
راولپنڈی:۔ وزیر اعظم عمران خان جی ایچ کے دورے کے موقع پر اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں

راولپنڈی:۔ وزیر اعظم عمران خان جی ایچ کے دورے کے موقع پر اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں

راولپنڈی(این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے تاہم قوم کی حمایت سے ان چیلنجز پر کامیابی سے قابو پالیں گے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزراءاور مشیروں کے ہمراہ جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم کا استقبال کیا، انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا جس کے بعد وزیراعظم نے یادگار شہداءپر پھولوں کی چادر چڑھائی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔وزیراعظم اور وزراءکو سیکیورٹی صورت حال، دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی کارروائیوں، کراچی آپریشن اور خوشحال بلوچستان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چینلجز کا سامنا ہے لیکن قوم کی حمایت سے ان چیلنجز پر کامیابی سے قابو پائیں گے۔انہوںنے کہاکہ حکومت فوج کو اپنی صلاحیتیں بڑھانے کے لیے تمام وسائل مہیا کرے گی، پاکستان کی منزل آگے بڑھنا ہے اور انشاءاللہ ہم مثبت سوچ اور دوسری اقوام سے اچھے مراسم کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جی ایچ کیو آمد اور فوج کی صلاحیتوں پر اعتماد کرنے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج مادر وطن کی حفاظت کے لیے قوم کی توقعات پر پورا اترے گی۔انہوںنے کہاکہ ہر قیمت اور قربانیوں سے مادر وطن کی حفاظت کی جائے گی۔ دریں اثناءاس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا بھی بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ‘آج جی ایچ کیو کا دورہ زبردست رہا، وزیر اعظم اور کابینہ ارکان کو دنیا کی بہترین فوج کی کمانڈ سے ملاقات پر فخر ہے’

Scroll To Top