چیئر مین نیب کی وزیر اعظم سے ملاقات: کرپشن کا خاتمہ اور بلا تفریق احتساب اولین ترجیح ہے ، عمران خان

  • ملک سے کرپشن کا خاتمہ اور شفافیت کا فروغ چاہتے ہیں، نیب کو مزید مضبوط بنانے اور اس کی استعداد کار بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں،وزیر اعظم کا قومی احتساب بیورو کی حالیہ کارکردگی پر اظہار اطمینان ، چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی عمران خان کو وزیر اعظم کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد
  • وزیراعظم کی زیرصدارت پاور ڈویژن کا اجلاس ،متعلقہ سیکریٹری کی وزیراعظم کو لائن لاسز، پیداوار، ٹرانسمیشن اور تقسیم کے طریقہ کار بارے بریفنگ، بجلی کی چوری روکنے کےلئے مہم چلائی جائے گی ، مسئلے کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے: وزیر اعظم، بجلی چوری روکنے کے لئے ٹاسک فورس کے قیام کی ہدایت
اسلا م آباد:۔ وزیر اعظم عمران خان سے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال ملاقات کر رہے ہیں،

اسلا م آباد:۔ وزیر اعظم عمران خان سے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال ملاقات کر رہے ہیں،

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ بد عنوان وکرپٹ عناصر کا بلا تفریق احتساب حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ بدھ کو وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے ملاقات کی اور انہیں وزارتِ عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین نیب سے ملاقات میں قومی احتساب بیورو کی حالیہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے کہاکہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ اور شفافیت کا فروغ چاہتے ہیں، بدعنوان وکرپٹ عناصر کا بلا تفریق احتساب حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت نیب کو مزید مضبوط بنانے اور ادارے کی استعداد کار بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔ بعد ازاں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پاور ڈویژن کا اجلاس ہوا جس میں سیکریٹری پاور ڈویژن نے وزیراعظم کو لائن لاسز، پیداوار، ٹرانسمیشن اور تقسیم کے معاملات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے گردشی قرضے 1.18 ٹریلین پر پہنچ گئے ہیں۔اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بجلی چوری، توانائی کی صورتحال، کرپشن اور بیڈ گورننس کا نتیجہ ہے، نہ یہ قابل برداشت ہے اور نہ ہی آگے ایسا چل سکتا ہے۔وزیرعظم نے بجلی چوری روکنے کے لئے ٹاسک فورس بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام الناس میں بجلی چوری روکنے کے لئے مہم چلائی جائے گی کیوں کہ بجلی سے متعلق مسائل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

Scroll To Top