دورہ جنوبی وزیرستان :بد امنی کے مکمل خاتمے کو یقینی بنانا ہوگا،جنرل قمر جاوید باجوہ

  • امن بڑے پیمانے پر بحال ہوچکا ، مقامی آبادی علاقے کے امن واستحکام کے ماحول کا دشمن قوتوں سے تحفظ کرے
راولپنڈی:۔ جنرل قمر جاوید باجوہ جنوبی وزیرستان کے دورے کے دوران مقامی عمائدین سے خطاب کر رہے ہیں

راولپنڈی:۔ جنرل قمر جاوید باجوہ جنوبی وزیرستان کے دورے کے دوران مقامی عمائدین سے خطاب کر رہے ہیں

راولپنڈی (این این آئی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجو ہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور ترقیاتی کام ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، بے امنی کے مکمل خاتمے کو یقینی بنانا ہوگا،بارڈر پر آہنی باڑ لگانے کےساتھ استحکام آپریشنز جاری ہیں، دشمن قوتیں کامیابیوں کو خراب کرنے پر نظر رکھے ہوئے ہیں، امن بڑے پیمانے پر بحال ہوچکا ہے، مقامی آبادی علاقے کے امن واستحکام کے ماحول کا دشمن قوتوں سے تحفظ کرے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بدھ کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا۔ اس دوران آرمی چیف کو پاک افغان بارڈر ، انگور اڈہ پر باڑ لگانے اور استحکام لانے سے متعلق آپریشنز پر بریفنگ دی گئی ۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آہنی باڑ لگانے کے کام کی رفتار اور معیار کو سراہتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی حمایت اور تعاون پر قبائلی عمائدین کا شکریہ ادا کیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق آرمی چیف نے وانا میں شمالی وجنوبی وزیرستان کے عمائدین کے مشترکہ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شمالی وزیرستان میں حال ہی میں آئی ای ڈی کے چند واقعات ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف فوجی آپریشنز کے ذریعے کوئی لڑائی ختم نہیں ہوتی، بحالی اور ترقیاتی کوششوں پر مبنی آپریشنز جاری رہتے ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ سماجی ومعاشی ترقی کی رفتار بھی بڑھتی جارہی ہے۔ بارڈر پر آہنی باڑ لگانے کے ساتھ استحکام آپریشنز جاری ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردی اور ترقیاتی کام ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، ہمیں بے امنی کے مکمل خاتمے کو یقینی بنانا ہوگا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ امن بڑے پیمانے پر بحال ہوچکا ہے، مقامی آبادی علاقے کے امن واستحکام کے ماحول کا دشمن قوتوں سے تحفظ کرے۔ آرمی چیف نے کہا کہ دشمن قوتیں کامیابیوں کو خراب کرنے پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ملاقات کے دوران پاک فوج کے سربراہ نے قبائلی عمائدین کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کو موثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان تجاویز میں سے بیشتر پہلے ہی درمیانی وطویل مدتی ترقیاتی منصوبے میں شامل ہیں۔

Scroll To Top