پاک۔تاجک باہمی تعلقات کے فروغ کیلئے کوششیں جاری رکھی جائیںگی

  • سی جی ایس ایس کے وفد کاسنٹر فار اسٹریٹجک ریسرچ، انفارمیشن ایجنسی اور تاجک وزارت خارجہ کا دورہ
دوشنبے:۔تاجک نائب وزیر خارجہ مظفر ایم حسین زادہ کوخالد امیر جعفری یادگاری شیلڈ پیش کر رہے ہیں

دوشنبے:۔تاجک نائب وزیر خارجہ مظفر ایم حسین زادہ کوخالد امیر جعفری یادگاری شیلڈ پیش کر رہے ہیں

اسلام آباد(ریاض ملک) سنٹر فار گلوبل اینڈ اسٹریٹجک اسٹڈیز کے وفد نے جو کہ آجکل تاجکستان کے دورے پر ہے گزشتہ روز دوشنبے میں سنٹر فار اسٹریٹجک ریسرچ کہ جس کے سربراہ خود تاجک صدر ہیں کا دورہ کیا اس موقع پر سنٹر کے چیئرمین خودوبردی خولی نذر اوران کے رفقاءکے ساتھ بات چیت میں طرفین نے باہمی تعلقات بالخصوص تجارت، توانائی، باہمی روابط ، دفاع، صحت ، تعلیم اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کے فروغ پر سیر حاصل بات چیت کی۔ وفد نے نیشنل انفارمیشن ایجنسی ”کھو وار“ کا بھی دورہ کیا اس موقع پر انفارمیشن ایجنسی کے سربراہ صدیق سیدعلی رجب علی اور ان کے رفقاءکے ساتھ ملاقات میں دونوں ممالک کے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں تعاون کا فیصلہ کیا گیا جو یقیناً دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مشترکہ اشاعتوں کا پیش خیمہ ہوگا ، بعد ازاں وفد نے میزبان ملک کی وزارت خارجہ کا بھی دورہ کیا اور ڈپٹی منسٹر مظفر ایم حسین زادہ سے ملاقات کی اس موقع پر نا صرف دونوں ممالک کے باہمی تعلقات پر سیر حاصل بات چیت کی گئی بلکہ تاجک وزیر نے علاقائی رابطوں کے فروغ میں پاکستان کے کردار کی بھرپور ستائش بھی کی ،طرفین اس نتیجے پر پہنچے کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات کے فروغ کیلئے بھرپور کوششیں جاری رکھی جائیں گی ،یاد رہے کہ سنٹر فار گلوبل اینڈ اسٹریٹجک اسٹڈیز کا وفد اس کے صدر میجر جنرل(ر) خالد امیر جعفری کی قیادت میں میزبان ملک کا دورہ کررہا ہے وفد کے دیگر اراکین میں ادارے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل(ر) خالد تیمور اکرم اور ایڈوائزری بورڈ کے سینئر ممبر غلام اکبر شامل ہیں۔

Scroll To Top