گودھرا ٹرین آتشزدگی کیس میں مزید 2 مجرموں کو عمر قید

n

سابرمتی ٹرین کو گودھرا اسٹیشن پر 2002 میں نذر آتش کیا گیا تھا جس میں 59 مسافر جل کر راکھ ہوگئے تھے۔ فوٹو : فائل

بھارت کی خصوصی عدالت نے گودھرا ریلوے اسٹیشن پر مسافروں سے بھری ٹرین کو نذر آتش کرنے میں ملوث مزید 2 مجرموں کو عمر قید کی سزا سنا دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سابرمتی ایکسپریس ٹرین کو مسافروں سمیت جلانے کے واقعے کی تحقیقات کے لیے قائم خصوصی عدالت کی سماعت سینٹرل جیل میں ہوئی۔ آج ہونے والی سماعت میں 5 ملزمان کو پیش کیا گیا۔ عدالت نے فریقین کے دلائل کے بعد فرخ بھانا اور عمران المعروف شیرو بٹک کو مجرم قرار دیتے ہوئے عمر قید کی سزا سنا دی جب کہ تین ملزمان کو عدم ثبوت کی بناء پر بری کر دیا گیا۔

ان پانچوں افراد کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 2015 سے 2016 کے درمیان مختلف مقامات سے حراست میں لیا تھا۔ قبل ازیں 2011 میں بھی  اسی کیس میں ٹرین کو آگ لگانے کی سازش میں 11 مرکزی مجرموں کو سزائے موت جب کہ 20 افراد کو عمر قید کی سزا سنائی جا چکی ہے۔ اس کیس میں 63 افراد کو عدم ثبوت کی بناء پر بری کیا گیا تھا۔ 

واضح رہے کہ 2002 میں بھارتی شہر گودھرا میں ایک ریل کو نذر آتش کردیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 59 مسافر ہلاک ہو گئے تھے۔ اس واقعہ کا الزام مسلمانوں پر لگایا گیا جس کے بعد گجرات میں مسلم کش فسادات برپا ہوگئے۔ دو ہزار سے زائد مسلمانوں کو قتل اور زندہ جلادیا گیا جب کہ سیکڑوں مسلمان خواتین کی عصمت دری کی گئی۔ ہزاروں مسلمان بے گھر ہوگئے تھے۔

Scroll To Top