رحمان ملک کا وزیراعظم کو خط: آرٹی ایس کی ناکامی پر ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ

  • سسٹم کی ناکامی کی وجوہات اور ذمہ داران کا تعین ازحد ضروری ہے ، عمران خان کو لکھے گئے خط کا متن
  • داخلہ کمیٹی کو سینیٹ نے الیکشن کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی تھی ، بطور وزیر داخلہ عمران خان کمیٹی سے تعاون کے پابند ہیں ، رحمن ملک

رحمان ملک کا وزیراعظم کو خط

اسلام آباد(این این آئی)چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ رحمان ملک نے وزیراعظم عمران خان سے الیکشن کے روز الیکشن کمیشن کے رزلٹ مینجمنٹ سسٹم (آر ٹی ایس) کی ناکامی پر ٹیکنیکل کمیٹی بنانے کی درخواست کی ہے۔ رحمان ملک کی جانب سے وزیراعظم کو لکھے گئے خط میں کہاگیا کہ داخلہ کمیٹی کو سینیٹ نے الیکشن کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی تھی اور بطور وزیر داخلہ عمران خان کمیٹی سے تعاون کے پابند ہیں۔خط میں چیئرمین داخلہ کمیٹی رحمان ملک نے کہا کہ کمیٹی نے الیکشن کمیشن کو آر ٹی ایس کی ناکامی کی وجوہات کا پتہ چلانے کو خط لکھا تھا، آرٹی ایس کی ناکامی کی وجوہات معلوم کرنا اور ذمہ داروں کا تعین ازحد ضروری ہے۔ رحمان ملک نے کہا کہ قومی مفادمیں ہےآر ٹی ایس کی ناکامی کی مکمل تفتیش کی جائے اور کیبنٹ ڈویژن کو ٹیکنیکل کمیٹی بنانے کی فوری ہدایات جاری کی جائیں۔یاد رہے کہ تحریک انصاف نے بھی الیکشن کے روز آر ٹی ایس سسٹم بیٹھ جانے کی تحقیقات کےلئے اعظم سواتی اور دیگر پر مشتمل کمیٹی قائم کی تھی جس نے اپنی تحقیقات مکمل کرلیں۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی تحقیقاتی کمیٹی نے آر ٹی ایس سسٹم کی ناکامی کا ذمہ دار نادرا کو ٹھہرا دیا اور اس کی ناکامی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی بھی سفارش کی ۔

Scroll To Top