عوام بے رحم احتساب اور لوٹی گئی قومی دولت کی واپسی چاہتی ہیں، سراج الحق

  • پانامہ لیکس کے 436 ملزموں ، بنکوں سے کھربوں روپے کے قرضے لے کر معاف کروانے والوں اور لندن ، دبئی اور دیگر ممالک میں جائیدادیں بنانے والوں کو پکڑ ا جائے
  • جماعت اسلامی” احتساب سب کا “اور” کرپشن فری پاکستان “مہم چلارہی ہے ، اس موقف کے حامی ہیں کہ سب کا بے لاگ احتساب ہو ، امیر جماعت اسلامی

sirajul-haq-pc
لاہور ( این این آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ملکی مسائل اور عوام کی پریشانیوں کا ایک ہی علاج ہے کہ پاکستان میں اسلام کے عادلانہ نظام کانفاذ ہو ، کرپشن کے خاتمہ ، بے لاگ احتساب اور پاکستان کو مدینہ جیسی ریاست بنانے کی عمران خان کی باتیں بہت اچھی ہیں ، اب عوام ان دعوﺅں پر عمل چاہتے ہیں ، جماعت اسلامی مخالفت برائے مخالفت پر یقین نہیں رکھتی ، حکومت کے ہر اچھے کام کی ہم تحسین کریں گے، عوام اب بے رحم احتساب اور لوٹی گئی قومی دولت کی واپسی چاہتے ہیں ، عوام چاہتے ہیں کہ پانامہ لیکس کے 436 ملزموں ، بنکوں سے کھربوں روپے کے قرضے لے کر معاف کروانے والوں اور لندن ، دبئی اور دیگر ممالک میں جائیدادیں بنانے والوں کو پکڑ ا جائے اور ان سے لوٹی گئی قومی دولت کی پائی پائی وصو ل کی جائے ۔ انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں اجتماع سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی” احتساب سب کا “اور” کرپشن فری پاکستان “مہم چلارہی ہے ۔ ہم اس موقف کے حامی ہیں کہ سب کا بے لاگ احتساب ہو ۔ ایک حقیقی احتساب کا مطالبہ پوری قوم کا ہے اس میں کسی کالے گورے کی تمیز نہ کی جائے اور نہ یہ دیکھا جائے کہ کون کس پارٹی سے تعلق رکھتاہے ، جس نے بھی اپنے سیاسی یا سرکاری منصب کا غلط استعمال کیاہے ، اسے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے ۔ انہوںنے کہاکہ میں نئی حکومت سے امید رکھتاہوں کہ وہ اس راستے پر چلے گی جس کا انہوں نے اعلان کیاہے ۔ عمران خان نے جو تقریر کی ہے اس میں بہت سارے مسائل کا احاطہ کیاہے ۔ ہم چاہتے ہیںکہ وہ اپنی تقریر کو عملی جامہ پہنچائیں ۔عمران خان نے ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگار ، پچاس لاکھ افراد کو چھت مہیا کرنے اور ہسپتالوں ، تعلیمی اداروں کی حالت بدلنے ، سود کے خاتمے اور آئندہ قرض نہ لینے کے جو وعدے کیے ہیں ، میری خواہش ہے کہ یہ وعدے پورے ہوں تاکہ عوام کو غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری سے نجات ملے اور عوام کو تعلیم ، علاج اور سستے انصاف کی سہولتیں میسر آسکیں ۔

Scroll To Top