وزیر اعظم عمران خان نے حلف اٹھا لیا:20رکنی وفاقی کابینہ کل حلف اٹھائے گی

  • صدر ممنون حسین نے سادہ اور پروقار تقریب میں حلف لیا، چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان ، سینیٹ، قومی اسمبلی، صوبائی اسمبلیوں کے اراکین، سابق اراکین پارلیمنٹ، غیر ملکی سفراء،سول و فوجی حکام، سابق سٹار کرکٹرز، غیر ملکی مہمانوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی بڑی تعداد میں شرکت
  • شاہ محمود قریشی خارجہ ، اسد عمر خزانہ ، فواد چوہدری اطلاعات ، غلام سرور خان پٹرولیم ، شیخ رشید ریلوے ، پرویزخٹک دفاع،شفقت محمود ایجوکیشن،عامر محمود کیانی ہیلتھ،شیریں مزاری انسانی حقوق ، نورالحق قادری مذہبی امور ، فہمیدہ مرزا بین الصوبائی رابطہ اور زبیدہ جلال دفاعی پیداوار کی وزارتیں سنبھالیں گے
اسلام آباد:۔ صدر ممنون حسین نو منتخب وزیر اعظم عمران خان سے عہدے کا حلف لے رہے ہیں

اسلام آباد:۔ صدر ممنون حسین نو منتخب وزیر اعظم عمران خان سے عہدے کا حلف لے رہے ہیں

اسلام آباد (این این آئی) وزیر اعظم عمران خان نے 22ویں وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ، صدر مملکت ممنون حسین نے ایوان صدر میں منعقدہ سادہ اور پروقار تقریب میں عمران خان سے حلف لیا۔ ہفتہ کو ایوان صدر میں ہونے والی تقریب حلف برداری سے پہلے قومی ترانہ بجایا گیاجس کے بعد کابینہ سکریٹری نے صدر مملکت سے تقریب شروع کرنے کی اجازت طلب کی۔تقریب حلف برداری کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ،جس کے بعد صدر مملکت ممنون حسین نے عمران خان سے وزیراعظم کے عہدے کا حلف لیا ، حلف اردو میں لیا گیا ،حلف برداری کے بعد وزیراعظم عمران خان نے حلف کی دستاویز پر دستخط کئے۔تقریب حلف برداری میں نگران وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصرالملک اور ان کی کابینہ کے وزرائ، چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، پاکستان آرمی، نیوی اور ایئر فورس کے سربراہان ،نو منتخب وزیر اعظم کی اہلیہ، آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان ، تین نامزد صوبائی گورنرز چوہدری سرور، شاہ فرمان، عمران اسمعیل، ایم کیو ایم کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی ، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے غوث بخش مہر، جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ شاہ زین بگٹی ، قائم مقام چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان ، تحریک انصاف سینئر راہنماﺅں شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک ، ڈاکٹر عارف علوی، شفقت محمود سمیت بڑی تعداد میں اراکین پارلیمنٹ ، غیر ملکی سفیروں ، بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق بلے باز نوجوت سنگھ سدھو،1992 کے ورلڈ کپ کی فاتح قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں جاوید میاں داد، وسیم اکرم، مدثر نذر، انضمام الحق ، سینیٹ، قومی اسمبلی، صوبائی اسمبلیوں کے اراکین، سابق اراکین پارلیمنٹ، غیر ملکی سفراءو سفارتکاروں، سول و فوجی حکام، سابق سٹار کرکٹرز، غیر ملکی مہمانوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے 20 رکنی وفاقی کابینہ کے ارکان کے نام اور ان کی وزارتوں کی منظوری دےدی۔جس میں 15 وزراءاور 5 مشیر شامل ہوں گے ، وزرا (کل)پیر کے روز اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔فواد چوہدری کے ٹوئٹر اکاو¿نٹ سے جاری لسٹ کے مطابق ایم کیوایم کے سینیٹر فروغ نسیم کو وزیر قانون ون انصاف اور خالد مقبول صدیقی کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ چوہدری طارق بشیر چیمہ وزیر سیفران، نورالحق قادری وزیر مذہبی امور، شیریں مزاری وزیر انسانی حقوق، غلام سرور خان وزیر پیٹرولیم ڈویژن، زبیدہ جلال وزیر دفاعی پیداوار، فواد چوہدری وزیر اطلاعات ہوں گے جبکہ عامر محمود کیانی قومی ہیلتھ سروس ریگو لیشن اینڈ کوآرڈینیشن، شاہ محمود قریشی وزیر خارجہ، سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویزخٹک وزیر دفاع، اسد عمر وزیر خزانہ، شیخ رشید وزیر ریلوے، فہمیدہ مرزا وزیر بین الصوبائی رابطہ اور شفقت محمود کو وزیر فیڈرل ایجوکیشن پروفیشنل ٹریننگ کی وزارت دی گئی۔

Scroll To Top