لارڈز ٹیسٹ میں انگلینڈ نے بھارت کو اننگز اور 159رنز سے شکست دے دی

v

بھارت کی بیٹنگ لائن دوسری اننگز میں 130 رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ (فوٹو : رائیٹرز)

لارڈز ٹیسٹ میں انگلینڈ نے بھارت کو اننگز اور 159 رنز سے شکست دے کر 5 میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔

لارڈز میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے بھارت کو اننگز اور 159 رنز سے شکست دے دی، مہمان بیٹنگ لائن دوسری اننگز میں 130 رنز پر ڈھیر ہوگئی، روی چندرن ایشون نے سب سے زیادہ ناٹ آؤٹ 33 رنز بنائے، 26 رنزبنانے والے ہردیک پانڈیا دوسرے ٹاپ اسکورر تھے، باقی کوئی سورما 17 رنز سے آگے نہیں بڑھ پایا۔

ویرات کوہلی دوسری باری میں بھی پورے نہیں اتر پائے، اسٹورٹ براڈ اور جیمز اینڈرسن مہمان ٹیم کو اپنی انگلیوں پر نچاتے رہے، دونوں نے 4، 4 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، کرس ووئکس نے بھی 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل انگلینڈ نے پہلی اننگز 396 رنز 7 وکٹ پر ڈیکلیئرڈ کی، مین آف دی میچ ووئکس 137 رنز پر ناقابل شکست رہے، محمد شامی اور ہردیک پانڈیا نے 3، 3 وکٹیں لیں۔

پہلا روز بارش کی نذر ہونے کی وجہ سے یہ توقع ظاہر کی جارہی تھی کہ شاید یہ میچ نتیجہ خیز ثابت نہ ہو مگر پہلی اننگز میں بھارتی ٹیم کے صرف 107 رنز پر آﺅٹ ہونے کے بعد ہی اس بات کا امکان ختم ہوگیا اور جواب میں انگلش بیٹنگ لائن کے رنز کے سیلاب کے آگے بند نہ باندھ جانے سے بھارتی ٹیم کی شکست یقینی دکھائی دینے لگی اور آخر چوتھے روز ہی ایک اننگزاور 159 رنز سے اس کو شکست ہوگئی۔

Scroll To Top