نئی حکومت آنے کے بعد تمام نان کیریر سفیر مستعفی تصور ہوں گے، ترجمان دفتر خارجہ

  • ملیحہ لودھی کی عمران خان سے ملاقات کا معاملہ دفتر خارجہ کے علم میں نہیں ہے، بیرون ملک سفیروں کی مدت میں توسیع کا فیصلہ آئندہ آنے والی حکومت کرے گی
  • آئی ایم ایف کے پاس جانے کا فی الحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا، پاک روس دفاعی تعلقات تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں، ڈاکٹر محمدفیصل کی ہفتہ وار بریفنگ

ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد(این این آئی) پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ بھات ریاستی جبر چھپانے کےلئے صحافیوں کو کشمیر میں نہیں جانے دے رہا ، مقبوضہ کشمیر میں ایک ماہ میں تیس شہری شہید اور 300سے زائد زخمی ہوئے ، 169کو حراست میں لیا گیا ، رواں سال بھارت نے 1400 سے زائد بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی ،پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے اور افغان مسئلے کے حل کے لیے تمام اقدامات کرے گا۔ جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرفیصل نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا سلسلہ تیز کردیا ہے اور صرف ایک ماہ کے دوران بھارتی جارحیت کی وجہ سے 30شہری شہید ہوچکے ہیں، 300 سے زائد زخمی اور اس دوران 169 کو حراست میں لیا گیا جب کہ 46 مکانات کو مسمار کردیا گیا، اب بھارت اپنا ریاستی جبر چھپانے کے لیے صحافیوں کو کشمیر میں نہیں جانے دے رہا۔ترجمان نے کہا کہ بھارتی مظالم صرف کشمیر تک محدود نہیں بلکہ خود بھارت کے اندر اقلیتی برادریاں محفوظ نہیں، بالخصوص مسلم اقلیت کے ساتھ ناروا سلوک جاری ہے ، بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی اور ورکنگ باو¿نڈری پر بھی ہٹ دھرمی جاری ہے، رواں برس میں اب تک بھارت نے 1400 سے زائد بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی، بھارتی فائرنگ سے اب تک 30 سے زائد بے گناہ شہری شہید جب کہ 150 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ دوسری جانب پاکستان پرامن ہمسائیگی پر یقین رکھتا ہے، پاکستان نے موناباو¿ بارڈر خصوصی طور پر کھولا اور بھارتی خاتون کی نعش لے جانے کی اجازت دی، بھارتی ایم ایل اے نے بذریعہ خط سیکرٹری خارجہ کو لکھ کر شکریہ ادا کیا۔ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے اور افغان مسئلے کے حل کے لیے تمام اقدامات کرے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ملیحہ لودھی کی عمران خان سے ملاقات کا معاملہ دفتر خارجہ کے علم میں نہیں ہے،نئی حکومت آنے کے بعد تمام نان کیریر سفیر مستعفی تصور ہوں گے اس کے علاوہ بیرون ملک سفیروں کی مدت میں توسیع کا فیصلہ آئندہ آنے والی حکومت کرے گی۔ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ آئی ایم ایف کے پاس جانے کا فی الحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا، پاک روس دفاعی تعلقات تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

Scroll To Top