این آر او کیس:آصف زرداری، پرویز مشرف اور ملک قیوم کے غیرملکی اثاثوں کی تفصیلات طلب

  • تینوں بتائیں کہ ان کی ملک اوربیرون ملک کون کون سی پراپرٹیز اوراکاو¿نٹس ہیں،فریقین جائدادوں سے متعلق حلف نامے جمع کروائیں
  • آصف زرداری کو اپنی اور بچوں کی جائیداد سے متعلق تفصیلات دینا ہونگیں،کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی

پرویز مشرف

اسلام آباد(الاخبار نیوز) چیف جسٹس پاکستان کہتے ہیں کہ محترمہ بےنظیرکا بہت احترام ہے لیکن آصف زرداری کا اپنی اور اپنے بچوں کی جائیداد سے متعلق تفصیلات دینا ہونگیں۔سپریم کورٹ نے این آر او کیس میں سابق صدر پرویزمشرف ، آصف زرداری اور سابق اٹارنی جنرل ملک قیوم کے اندرون اور بیرون ملک اثاثوں کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے ماضی کے این آر او سے ملکی خزانے کو ہونے والے نقصان کے مقدمے پر سماعت کی۔عدالت نے جنرل ریٹائرڈ پرویزمشرف ، آصف علی زرداری اور جسٹس ملک قیوم کے جوابات سے متعلق پوچھا تو سرکاری وکیل نے بتایاکہ تمام فریقین نے جواب جمع کرادئیے ہیں۔چیف جسٹس نے جوابات میں ملکی اور غیرملکی جائیدادوں کی تفصیلات کا پوچھا تو آصف زرداری کے وکیل فاروق نائیک نے کہاکہ ان کے موکل کی جائیداد تفصیلات ابھی جمع نہیں کرائیں۔ چیف جسٹس نے کہاکہ تمام فریقین ملکی اور غیر ملکی جائدادوں سے متعلق حلف نامہ جمع کروائیں۔ تینوں بتائیں کہ ان کی ملک اور ملک سے باہر کونسی پراپرٹی اور اکاو¿نٹس ہیں۔عدالت چاہتی ہےکہ یہ لوگ قوم کے سامنے سرخرو ہوں۔چیف جسٹس نے سابق وزیراعظم بےنظیر بھٹو سے متعلق کہاکہ محترمہ کا بڑا احترام ہے، ان کے بارے میں تحقیق نہیں کرسکتے۔آصف زرداری صرف اپنی اور اپنے بچوں کی تفصیل دے دیں۔اگر ایسا نہیں کیا تو بچوں کو الگ سے نوٹس جاری کرکے تفصیل مانگ لیتے ہیں۔فاروق نائیک نے کہاکہ عدالت جو حکم دے گی اسکی تعمیل کی جائے گی۔ پرویزمشرف کے وکیل نے بھی عدالت کو کہاکہ ان کے موکل کے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرادی جائیں گی۔

Scroll To Top