امریکا میں تھری ڈی پرنٹر سے اسلحہ بنانے کا طریقہ اپ لوڈ کرنے پر پابندی

y

تھری ڈی ٹیکنالوجی کی مدد سے آتشیں اسلحے کی میکنگ فائل ڈاؤن لوڈ کرکے پرنٹ نکالا جاسکتا ہے (فوٹو : اے ایف پی)

 واشنگٹن: امریکی عدالت نے تھری ڈی پرنٹنگ ویب سائٹ سے آتشیں اسلحہ ڈاؤن لوڈ کرنے والے سافٹ ویئر کو مسدود (Block) کرنے کا حکم دے دیا۔ 

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق واشنگٹن کے شہر سیاٹل کی مقامی عدالت نے تھری ڈی پرنٹنگ کے ذریعے آتشیں اسلحہ ڈاؤن لوڈ کرنے والے سافٹ ویئر کو بلاک کرنے کا حکم دیا ہے۔

یہ حکم واشنگٹن ڈی سی سمیت 8 بڑی ریاستوں کی جانب سے دائر کی جانے والی درخواست پر سنایا گیا۔ ذاتی دفاع کے لیے اسلحہ کی فروغ کے لیے کام کرنے والے ایک متنازع اسلحہ ساز ادارے نے چار روز قبل تھری ڈی ٹیکنالوجی سے اسلحہ ڈاؤن لوڈ کرنے والے سافٹ ویئر کے بلیو پرنٹ کو اپ لوڈ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ رواں سال جون میں ٹرمپ انتظامیہ اور اسی ادارے کے درمیان ایک  معاہدہ بھی ہوا تھا۔

3 D 2

امریکی عدالت نے سافٹ ویئر پر عارضی پابندی عائد کرتے ہوئے اپنے فیصلے میں کہا کہ اس طریقے سے اسلحے تک شرپسند افراد کی رسائی آسان ہوجائے گی اور آتشیں اسلحہ کے بلیو پرنٹ غلط ہاتھوں میں جانے کا احتمال بھی رہے گا۔ یعنی کوئی بھی تھری ڈی پرنٹر سے اسلحہ بنانے کا طریقہ بآسانی ڈاؤن لوڈ کرکے اس سے آتشیں ہتھیار بناسکتا ہے۔

امریکی عدالت نے حکومت کو اپنا موقف جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے اس اہم کیس کی سماعت کو 10 اگست تک کے لیے ملتوی کر دیا ہے۔ حیران کن طور اپنے سابقہ موقف پر یوٹرن لیتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی گزشتہ روز اس ٹیکنالوجی کے خلاف ٹویٹ کی تھی۔

امریکا کی 8 ریاستوں نے بھی تھری ڈی پرنٹ کے ذریعے آتشیں اسلحہ کے ڈاؤن لوڈ کرنے والے سافٹ ویئر کو ریلیز کرنے کی اجازت دینے پر سخت احتجاج کرتے ہوئے اسے بلاک کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ تھری ڈی پرنٹنگ کا مستقبل روشن ہے جس میں پلاسٹک کی تہہ بہ تہہ سطح کی مدد سے کسی بھی پیچیدہ ٹھوس چیز کا پرنٹ نکالا جاسکے گا۔ جب یہ پرنٹرز سستے ہو جائیں گے تو دکان سے خریداری کے بجائے لوگ اسلحے کے  ڈیزائن کو ڈاؤن لوڈ کر کے پرنٹ گھر پر ہی حاصل کرلیں گے۔

واضح رہے کہ ولسن نامی شخص نے 2013ء میں تھری ڈی پرنٹنگ کے ذریعے اسلحہ ڈاؤن لوڈ کرنے والی فائلز تیار کی تھیں جن کی مدد سے آتشیں اسلحہ کو مخصوص پرنٹرز کے ذریعے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ یہ اسلحہ سوائے فائر پن کے مکمل طور پر پلاسٹک پر مشتمل ہوتا ہے۔

Scroll To Top