بھارتی وزیر اعظم کا عمران خان کو مبارک باد کا ٹیلیفون خوش آئند ہے: دفتر خارجہ

  • چین میں ویزے کی میعاد پوری ہونے کے بعد پاکستانی باشندوں کی حراست کی خبر سراسر غلط ہے،افغان مسئلے کا حل فوجی نہیں سیاسی ہے
  • ملک میں عام انتخابات کا انعقاد جمہوریت کے تسلسل کی جانب ٹھوس قدم ہے، ترجمان ڈاکٹر فیصل کی ہفتہ واربریفنگ

ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد (این این آئی)ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ ملک میں عام انتخابات جمہوریت کے تسلسل کی جانب ٹھوس قدم ہے ،چین میں ویزے کی میعاد پوری ہونے کے بعد پاکستانی باشندوں کی حراست کی خبر سراسر غلط ہے،افغان مسئلے کا حل فوجی نہیں سیاسی ہے ،ممکنہ وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب میں غیر ملکی مہمانوں کی شرکت کا تحریک انصاف ہی بتاسکتی ہے۔ جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان میں عام انتخابات کے پر امن انعقاد پر عالمی برادری نے خیر مقدم کیا ہے اور بالخصوص بھارتی وزیراعظم کا عمران خان کو مبارکباد کا ٹیلی فون خوش آئند ہے ،عام انتخابات کا انعقاد جمہوریت کے تسلسل اور اقتدار کی پر امن منتقلی کی جانب ٹھوس قدم ہے، اس سے قبل دو حکومتوں نے اپنی مددت پوری کی۔ترجمان نے کہا کہ شاہین ائرلائن کی پرواز 29 جولائی کو اڑان نہ بھر سکی جس کے باعث 260مسافر پھنس گئے، ان 260 میں سے بھی اب صرف 46 افراد چین میں موجود ہیں جنہیں شاہین ائر کی جانب سے رہائش اور دیگر سہولیات مہیا کی جارہی ہیں ،بقیہ تمام مسافروں کو دوسری فلائٹس کے ذریعے پاکستان واپس پہنچایا جا چکا ہے اور شاہین ائر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ بقیہ تمام مسافروں کو (آج) جمعہ تک متبادل فلائٹ کے ذریعے وطن واپس لایا جائے گا۔ڈاکٹرفیصل نے بتایا کہ چین میں ویزے کی میعاد پوری ہونے کے بعد پاکستانی باشندوں کی حراست کی خبر سراسر غلط ہے، ایئرپورٹ پر رہ جانے والے 46 میں سے 15مسافروں کے ویزے کی معیاد ختم ہوچکی ہے تاہم ہمارے قونصلر نے چینی دفترخارجہ سے ملاقات کی ہے تاکہ ان کے چین سے نکلنے میں کوئی مسائل نہ ہوں، حراست سے متعلق جھوٹی خبر دو مسافروں نے پھیلائی جن کو کسٹم حکام نے ویزے کی معیاد ختم ہونے کے باعث پوچھ گچھ کی تھی۔ڈاکٹرفیصل کے مطابق افغانستان میں امن کے قیام کےلئے ورکنگ گروپ کااجلاس 22جولائی کوکابل میں ہوا، ورکنگ گروپ اجلاس میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مل کرکام کرنےکااعادہ کیا، گزشتہ ایک سال کے دوران پاک افغان قیادت سے رابطوں میں ہیں، پاکستان کا ہمیشہ یہی مو¿قف رہا ہے کہ افغان مسئلے کا حل فوجی نہیں سیاسی ہے۔ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ ممکنہ وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب میں غیر ملکی مہمانوں کی شرکت کا تحریک انصاف ہی بتاسکتی ہے، تحریک انصاف کے بیان کے مطابق حلف برداری تقریب میں کوئی غیر ملکی لیڈر شرکت نہیں کرےگا۔

Scroll To Top