اگر عمران خان خود غلط نہیں تو ان کے اردگرد کے لوگ خودبخود راہِ راست پر آجائیں گے ۔۔۔

aaj-ki-baat-new
خوش آئندہ بات یہ ہے کہ عمران خان کے ناقدین میں ایک ” گروہ “ ایسا بھی ہے جو تسلیم کرتا ہے کہ تحریک انصاف کے بانی اور سربراہ نے اپنی سیاست کی بنیاد اصولوں اور نظریات پر رکھی ہے۔۔۔
جو بات خوش آئندنہیں وہ یہ ہے کہ یہ ” گروہ “ عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنانے کے لئے یہ استدلال سامنے لاتا ہے کہ اصولوں کی سیاست میں ایسے لوگوں کی کوئی جگہ نہیں ہونی چاہئے جن کے دامن پر ” بے اصولی “ کے دھبے لگے ہوئے ہوں۔۔۔ اس ضمن میں بہت سارے نام لئے جاتے ہیں جنہیں دہرانا میں یہاں مناسب نہیں سمجھتا۔۔۔ یہ نام ایسے لوگوں کے ہیں جنہوں نے مال ضرور کمایا مگر ایسے راستے اختیار کرکے جو کسی بھی شخص کے لئے نیک نامی کا باعث نہیں بنتے۔۔۔
میں آج اس ضمن میں یہاں بڑی آسان سی بات کرنا چاہتا ہوں۔۔۔ بلکہ ایسے ناقدین سے ایک سادہ سا سوال پوچھنا چاہتا ہوں۔۔۔ کیا وہ مجھے تاریخ کے کسی ایسے انقلابی ایسے مصلح یا رہبر کا نام بتا سکتے ہیں جسے اپنی تحریک یا اپنے مشن کو آگے بڑھانے کے لئے ” فرشتہ صفت“ نائبین کی اعانت مدد یا حمایت حاصل ہوئی ؟ جب تاریخ لکھی جاتی ہے تو کسی بھی عظیم کارنامے کا ذکر ہمیشہ کسی فردواحد کے حوالے سے ہوتا ہے ` کیا کوئی جانتا ہے کہ نیپولین کے ساتھ کون کون تھا۔۔۔؟ کیا قائداعظم ؒ نے تقدیر سے یہ شکوہ نہیں کیا تھا کہ ” میری جیب میں کھوٹے سکے ہیں۔۔۔“
یہاں میں سب سے بڑی اور سب سے قابل تقلید مثال ہادی ءاعظم فخر انسانیت اور رہبر کامل حضرت محمد ﷺ کی دوں گا۔۔۔
کیا آپ ﷺ کے سائے تلے عظمتوں کی معراج پانے والے کم ازکم ساٹھ صحابہ کرام ایسے نہیں تھے جن کا ”دورِ جاہلیت“ ہر لحاظ سے ناقابلِ رشک تھا۔۔۔
میں سمجھتا ہوں کہ ظہورِ اسلام کے بعد اللہ تعالیٰ نے آنے والی تمام نسلوں کی رہنمائی کے لئے یہ حقیقت تاریخ کا حصہ بنائی کہ ایک فرد پورے معاشرے کا کردار تبدیل کرسکتا ہے۔۔۔
عمران خان اپنے آپ کو آپ ﷺ کا حقیقی امّتی ثابت کرپاتے ہیں یا نہیں ۔۔۔ یہ تو وقت ہی بتائے گا۔۔۔ لیکن ایک بات طے ہے کہ وہ فرشتوں کے نزول کا انتظار نہیں کرسکتے۔۔۔ انہیں اِن ہی لوگوں کو ” کارآمد“ بنانا ہوگا جو ان کے اردگرد پائے جاتے ہیں۔۔۔ غزوہءاحد کے وقت کوئی سوچ سکتا تھا کہ لشکر اسلام کی ہزیمت کا باعث بننے والا خالد بن ولید آنحضرت ﷺ سے سیف اللہ کا خطاب پائے گا؟ کسی کے خواب و خیال میں بھی یہ بات آسکتی تھی کہ لشکر کفار کے سالار ابو سفیان کی نسل سے اسلام کی تاریخ آگے بڑھے گی۔۔۔؟
اگر عمران خان خود غلط نہیں تو ان کے اردگرد کے لوگ خود بخود راہِ راست پر آجائیں گے۔۔۔

Scroll To Top