اگر ہمارے آباواجداد خود کو حجاز تک محدود رکھتے۔۔۔۔؟ 01-12-2009

نام میں کچھ نہیں رکھا ہوتا۔ کیا ایسا ممکن نہیںکہ پاکستان کا نام پاکستان نہ ہوتا۔۔۔ کچھ اور ہوتا ؟ پاکستان کا نام چوہدری رحمت علی کے ذہن میں نہ آتا تو کسی اور کے ذہن میں آسکتا تھا۔ پھر شاید کوئی اور نام ہوتا۔ میرا نام بھی کچھ اور ہوسکتا تھا۔ آپ کا نام بھی کچھ اور ہو سکتا تھا۔ اسفند یار ولی خان کا نام بھی کچھ اور ہوسکتا تھا۔ آصف علی زرداری صاحب کا نام بھی کچھ اور ہوسکتا تھا۔ ڈاکٹر بابر اعوان کا نام بھی کچھ اور ہوسکتا تھا ۔ نام کسی کا بھی ولادت کے ساتھ اوپر سے نہیں اترتا۔
پنجاب کا نام پنجاب کیوں ہے؟
اس لئے کہ صدیاں پہلے کسی نے سوچا ہوگا کہ یہ پانچ دریاﺅں کی سرزمین ہے ` اس کا نام پنجاب ہونا چاہئے۔ ورنہ پنجاب میںکئی نسلیں آباد ہیں۔ اور زبانیں بھی یہاں کئی بولی جاتی ہیں۔ یہ کہنا کہ پنجاب کو پنجابی زبان یا پنجابی نسل کی وجہ سے پنجاب کہا جاتا ہے ` تاریخی حقائق کو جھٹلا نا ہوگا۔
سندھ بھی دریائے سندھ کی وجہ سے سندھ کہلاتاہے۔ سندھی کوئی نسل نہیں ۔ اور نہ ہی سندھ کو سندھی زبان کی وجہ سے سندھ کہاجاتا ہے۔
صرف بلوچستان کو شاید اس لئے بلوچستان کا نام دیا گیا کہ اس کے بعض علاقوں میں بلوچ قبائل آباد ہوئے۔ مگر کیا بلوچستان میں پشتون نہیں بستے؟۔ کیا بلوچستان میں پنجاب ` سندھ یا صوبہ سرحد کے لوگوں کا آباد ہونا ممنوع قرار دیا جاسکتا ہے۔۔۔؟
میں صوبہ سرحد کا نام تبدیل کرکے پختون خواہ رکھنے کا مخالف نہیں ہوں۔ میں صرف اس ذہنیت کا مخالف ہوں جو اس صوبے کا نام تبدیل کراناچاہتی ہے۔
اگر نسلی اور لسانی عصبیتوں کو یوں سرپرستی دی گئی اور آنے والے ادوار میں سندھ پنجاب بلوچستان اور پختونستان کو ” پاکستان“ سے بھی زیادہ مضبوط شناخت کا درجہ حاصل ہوگیا تو کیا بنے گا ۔۔۔؟
ہمیں قبل از اسلام کے دور جہالت کی طرف سفر شروع کرنے کا خیال ترک کردینا چاہئے۔ آنحضرت نے ہر وہ شناخت مٹا ڈالنے کا عہد کیاتھا جو ” مسلم امہ “ کے تصور سے ٹکراتی تھی۔
قبائل میں تقسیم ہونا الگ بات ہے ` لیکن خدا کی زمین کو قبائلی تشخص کی بنیاد پر بانٹنا اس عظیم پیغام کی نفی کرتا ہے جو آنحضرت نے دیا تھا۔ آپ نے اپنا وطن (مک)چھوڑ کر ایک نیا دیار (مدینہ)آباد کیا۔ آپ فتح مکہ کے بعد بھی اپنے وطن واپس نہ آئے۔
اس کا مطلب کیا ہے ؟
ہر ملک جو خدا کاملک ہے ` ہمارا ملک ہے ۔
میرا حق نہ صرف یہ کہ پورے پاکستان پر ہے ` پورے عالم اسلام پر بھی ہے۔ بلکہ پورے کرہ ارض پر ہے۔ اگر میرے آباواجداد خود کوحجاز تک محدود رکھتے تو ہمارے پختون بھائیوں کے نام کیا ہوتے ؟

Scroll To Top