ہوشیار ہوجاﺅ آپریشن ہونے والا ہے ! 05-09-2013

دنیا کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہوگا کہ جرائم پیشہ عناصر کو حکومتی آپریشن کی وارننگ اس انداز میں پیشگی طور پر دی گئی ہو۔ گزشتہ کئی روز سے میڈیا میں اس معاملے پر زبردست ہائپ پیدا کیا جارہا ہے ۔ پہلے تو یہ خبر پورے تسلسل اور طمطراق کے ساتھ چلتی رہی کہ وزیراعظم متذکرہ آپریشن کو آخری شکل دینے کے لئے کابینہ کا ایک خصوصی اجلاس کراچی میں منعقد کریں گے۔ )جس وقت میں یہ الفاظ لکھ رہا ہوں مجوزّہ اجلاس وزیراعظم کی صدارت میں جاری ہوگا(۔ اب خبریں یہ آرہی ہیں کہ کراچی کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنے کے لئے وزیراعظم صاحب نے جوکر رکھا ہے اس میں مسلسل شدت آرہی ہے۔
پوری قوم کی نظریں اُن حکومتی اقدامات پر لگی ہوئی ہیںجن سے اِس تاریخی آپریشن کا آغاز کیا جائے گا۔ فی الحال یہ حکومتی اقدامات نظروں کے سامنے نہیں۔ نظروں کے سامنے صرف ایک خلاءہے۔ یا پھر چند سوالات ہیں۔
سب سے اہم سوال تو یہ ہے کہ ” جن جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آہنی انداز کے حکومتی اقدامات مقصود ہیں کیا وہ عناصر ان اقدامات کے انتظار میں چپ چاپ ایک جگہ بیٹھے رہیں گے۔۔۔؟“
دوسرا اہم سوال یہ ہے کہ کیا متذکرہ جرائم پیشہ عناصر کے سیاسی سرپرست چپ چاپ وہ سب کچھ ہونے دیں گے جو کچھ نہ ہوا تو کراچی کو جرائم سے پاک کرنے کا خواب کچے شیشے کی طرح ٹوٹ جائے گا۔۔۔؟“

Scroll To Top