بھارتی طیارے سے نوزائیدہ بچے کی لاش برآمد

h

پولیس نے طیارے میں موجود خاتون کو حراست میں لے لیا۔ فوٹو : فائل

نئی دہلی: بھارتی طیارے ایئر ایشیا انڈیا کے ٹوائلٹ سے نوزائیدہ بچے کی لاش ملی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایئر ایشیا انڈیا کی گوہاٹی سے نئی دہلی اترنے والی  پرواز کے ٹوائلٹ سے نوزائیدہ بچے کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس نے طیارے میں موجود ایک خاتون کو حراست میں لے لیا ہے جن پر بچہ جنم دینے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تاہم خاتون نے تردید کی ہے۔

پولیس کے تفتیشی افسر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مشتبہ خاتون نے بچے کی ملکیت سے انکار کیا ہے جس کے بعد خاتون کو اسپتال لے جایا گیا ہے جہاں خاتون کا گائنا کولوجسٹ سے معائنہ کرایا جائے گا جس کے بعد تفتیشی عمل کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔

ایئر ایشیا انڈیا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ طیارے کی لینڈنگ کے دوران  نوزائیدہ بچے کی لاش برآمد ہوئی ہے جس کے بعد اپنی ذمہ داری کو پورا کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن کو صورت حال سے مطلع کردیا گیا تھا۔ انتظامیہ ہلاک بچے کی موجودگی سے متعلق کسی بھی قسم کی تحقیقات میں مکمل تعاون کرے گی۔

Scroll To Top