پاکستان مخالف قوتوں کو شکست دینے کیلئے پُر عزم ہیں: آرمی چیف

  • پاکستان کےخلاف کام کرنے والی دشمن قوتوں کا نشانہ ہیںجنہیں شکست فاش دینے کے لیے متحد اور مضبوط ہیں، جنرل قمر جاوید باجوہ
  • عوام نے فوج کیخلاف پراپیگنڈا مسترد کردیا ہے، دنیا نے فوج اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے عوام کی محبت دیکھ لی ،ترجمان آئی ایس پی آر
راولپنڈی:۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو آرمی الیکشن سپورٹ سینٹر کے دورے کے دوران بریفنگ دی جا رہی ہے

راولپنڈی(الاخبار نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ان کی اہلیہ نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ان کی اہلیہ نے راولپنڈی میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ  ہم پاکستان کےخلاف کام کرنے والی دشمن قوتوں کا نشانہ ہیں لیکن ہم دشمن قوتوں کو شکست دینے کے لیے متحد اور مضبوط کھڑے ہیں، آج ہم دشمن قوتوں کو ووٹ کے ذریعے شکست دیں گے۔پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ گھروں سے باہر نکلیں اور بلا خوف ووٹ ڈالیں۔ ادھر ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے پاک فوج کے جوانوں کو محبت دینے پر عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔ بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے اپنی ٹوئٹ میں قوم کی جانب سے جوانوں کو پھول پیش کرنے اور محبت دینے پر عوام کا شکریہ ادا کیا۔میجر جنرل آصف غفور نے کہاکہ آج دنیا نے پاک فوج اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے عوام کی محبت دیکھ لی اور عوام نے بدنیتی پر مبنی ہر قسم کاپراپیگنڈا مسترد کردیا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ پاک فوج عوام کی غیر متزلزل حمایت کی وجہ سے مضبوط ہے اور ہماری زندگیاں پاکستان اور اس کے عوام کے لیے وقف ہیں۔یاد رہے کہ ملک بھر میں ہونے والے عام انتخابات میں عوام کی جانب سے پاک فوج کے جوانوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو پھول پیش کیے گئے جبکہ متعدد مقامات پر ان پر گل پاشی کی گئی۔

Scroll To Top