سرفراز احمد نے ایشیا کپ پر نگاہیں مرکوز کر لیں

d

زمبابوین ٹور امیدوں سے زیادہ کامیاب رہا،فخر نے تسلسل سے عمدہ بیٹنگ کی۔ فوٹو: فائل

 کراچی: کامیاب دورئہ زمبابوے کے بعد پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ایشیا کپ پر نگاہیں مرکوز کر لی ہیں۔

وطن واپسی کے بعد کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ زمبابوین ٹور امیدوں سے زیادہ کامیاب رہا ،ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیابی سے بہت خوشی ہوئی،آسٹریلیا کو2میچز میں شکست دینا پوری ٹیم کیلیے بہت خوشی کی بات تھی، فائنل میں فخرزمان کی بیٹنگ لاجواب رہی، انھوں نے پورے دورے میں تسلسل کے ساتھ عمدہ بیٹنگ کی جس پر جتنی تعریف کریں وہ کم ہے، امام الحق نے بھی ون ڈے سیریز میں اچھا پرفارم کیا۔

کپتان نے کہاکہ یہ بات باعث مسرت رہی کہ پاکستان نے سہ ملکی کرکٹ سیریز بھی اپنے نام کی، فائنل میں آسٹریلیا کی مضبوط سائیڈ کو شکست دینا معمولی بات نہیں تھی۔ سب کی نظریں ان مقابلوں پرتھیں جس میں ہم فتحیاب رہے۔

سرفراز نے کہا کہ زمبابوے کیخلاف 5ون ڈے انٹرنیشنل میچزکی سیریز میں کلین سوئپ بھی بڑی کامیابی رہی، یہ فتح عمدہ ٹیم ورک کا نتیجہ تھی، اب ہمارا اگلا ہدف ایشیا کپ ہے جس کی تیاری جلد شروع کردیں گے،بھارت کیخلاف مقابلہ سخت اور سنسنی خیز ہونے کی توقع ہے،انھوں نے کہا کہ ہمارا اصل ہدف ورلڈ کپ کیلیے مضبوط اسکواڈ کی تیاری ہے، جن پلیئرزکو چانس ملا وہ توقعات پر پورا اترتے ہوئے اچھی کارکردگی پیش کررہے ہیں۔

Scroll To Top