لاہور: نالے سے بڑی تعداد میں شناختی کارڈزسے بھرابیگ برآمد

  • پولیس نے شناختی کارڈز کو تحویل میں لے لیا،جن افراد کے شناختی کارڈ ہیں ،ان کا تعلق اسی حلقے سے ہے

نادرا

لاہور(الاخبار نیوز) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں این اے 125 شفیق آباد کے ایک نالے سے بڑی تعداد میں برآمد ہونے والے شناختی کارڈز کو نادرا نے منسوخ شدہ قرار دے دیا۔تفصیلات کے مطابق نالے میں شناختی کارڈ سے بھرے بیگ کی نشاندہی وہاں کھیلتے بچوں نے کی، جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔ کارروائی کے بعد پولیس نے شناختی کارڈز کو تحویل میں لے لیا۔پولیس کے مطابق جن افراد کے شناختی کارڈ ہیں ،ان کا تعلق اسی حلقے سے ہے۔ ابتدا میں اندیشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ عوام کی ایک بڑی تعداد کو ووٹنگ سے روکنے کے لیے یہ حرکت کی گئی۔دوسری جانب این اے 125 سے تحریک انصاف کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ دیکھنا ہوگا کہ کیا شناختی کارڈ متعلقہ علاقے کے رہائشیوں کے ہیں اور اس میں دھاندلی کی کوشش تو نہیں کی گئی۔

Scroll To Top