رینکنگ ٹینس میں عقیل خان نے ٹائٹل اپنے نام کرلیا

t

فائنل میں عابد مشتاق ناکام، لیڈیز سنگلز میں اوشنا سہیل نے ٹاپ سیڈ سارہ منصور کو مات دے دی۔ فوٹو: فائل

کراچی: قومی نمبر ون اورٹاپ سیڈعقیل خان نے دوسری قومی  رینکنگ ٹینس چیمپئن شپ کا مینز سنگلز اپنے نام کرلیا۔

گزشتہ روز 6 لاکھ 50 ہزار روپے کی انعامی رقم  کی چیمپئن شپ کے اختتامی روز مینز سنگلز ایونٹ کے فائنل میں عقیل خان نے لاہور سے تعلق رکھنے والے عابد مشتاق کو 3-6 اور0-6 سے ٹھکانے لگاکراپنی سبقت ثابت کی، عابد کو اس ناکامی کے بعد رنر اپ ٹرافی کے ساتھ 50 ہزار روپے کے انعام پر اکتفا کرنا پڑا۔

لیڈیز سنگلز ایونٹ کے فائنل میں قومی نمبر 1  اسلام آباد کی سارہ منصور اورلاہور کی اوشنا سہیل کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے میں آیا، تاہم اوشنانے بہترین مہارت اورتجربہ کی بدولت اپنی حریف کو 6-7 اور 4-6 سے  ہرا کر وننگ ٹرافی اور 50 ہزار روپے کا انعام پانے کے ساتھ دوبارہ قومی ویمن نمبر 1 ہونے کے امکان کو بھی روشن کرلیا۔

شعیب خان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد  نعمان آفتاب کو  7-5، 2-6 اور 3-6 سے قابو کرکے انڈر 18 سنگلز ایونٹ کا فاتح بننے کا اعزاز پالیا، محمد داد نے  نعلین عباس کو 4-6 اور 1-6 سے زیر کرکے انڈر15 سنگلز ایونٹ جیت لیا، اشیش کماربھرپور مقابلے کے بعد انڈر14 سنگلز ایونٹ  کے چیمپئن بنے، اشیش کمار نے حریف  کیخلاف6-4،4-6 اور 2-6 سے کامیابی پائی۔

مہاتیرمحمد نے حمزہ رومان کو 6-0،6-7 اور 1-10 سے  ٹھکانے لگا کر انڈر 12 سنگلز ایونٹ جیتا  جبکہ حمزہ رومان کو انڈر 10 سنگلز ایونٹ کے فائنل میں  زین اختشام کے خلاف0-8 کی آسان فتح نصیب ہوئی۔

اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی نے  کھلاڑیوں اور آفیشلزمیں انعامات تقسیم کیے، اس موقع پرسابق قومی ڈیوس کپ کپتان خواجہ سعیدالحی، گلزار فیروز،  حاجی غلام محمد خان، سرور حسین اورعمران آفتاب سمیت دیگربھی موجود تھے۔

Scroll To Top