سب سے پہلے اے آر وائی 28-08-2013

kal-ki-baat

دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنے کا تیربہدف نسخہ دریافت کرلیا گیا ہے۔ اس نسخے کی آزمائش سب سے پہلے دہشت گردی کے ایکٹ کے تحت قائم کئے جانے والے اس مقدمہ سے کی جارہی ہے جو حکومت بلوچستان نے ملک کے ایک بڑ ے چینل اے آر وائی کے خلاف قائم کیا ہے۔ اس نوعیت کے آٹھ دس مقدمات آٹھ دس ہفتوں میں درج کرا دیئے گئے تو ملک کے تمام دہشت گرد یا تو راہِ فرار اختیار کرنے پر مجبور ہوجائیں گے یا پھر اپنے اپنے لئے محفوظ کمین گاہیں یا پناہ گاہیں تلاش کرلیں گے۔
ہمارے ٹی وی چینلز میں ” سب سے پہلے “ کی ترکیب بے حد مقبول ہے۔ فلاں نتیجہ سب سے پہلے ہم نے پیش کیا۔ فلاں خبرسب سے پہلے ہم نے بریک کی۔ فلاں انکشاف سب سے پہلے ہم نے کیا۔
اس قسم کے باقی دعوے تو ثبوت کی کسوٹی پر پورے نہ اتر سکیں ¾ لیکن اے آر وائی کے منتظمین اور کرتا دھرتا یہ دعویٰ بڑے فخر اور تسلیم شدہ صداقت کے ساتھ کیا کریں گے کہ سب سے پہلے دہشت گردی کا مقدمہ ان کے خلاف قائم ہوا۔
اے آر وائی کے بعد دہشت گردوں کی فہرست میں کون کون سا ٹی وی چینل شامل ہوتا ہے اس کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہا جاسکتا۔
لیکن دہشت گردی کے خلاف جنگ کا آغاز بہرحال کیا جاچکا ہے۔ ایک ایک کرکے یہ تمام دہشت گرد کیفر کر دار تک پہنچا دیئے جائیں گے۔ اس کے بعد سارا ملک چین کی نیند سو سکے گا۔

Scroll To Top