نواز شریف نے سیاست کرنی ہے تو عدالتی فیصلے کو عدالتوں سے معطل کرائیں، رحمان ملک

  • آصف زرداری کا نام بغیر کسی تحقیق اور الزام کے ای سی ایل میں ڈالنے پر نگران وزیر داخلہ سے وضاحت کا مطالبہ
  • نواز شریف کا ملک واپس آنے کا فیصلہ درست ہے، وہ اپنے کئے کی سزا بھگتیں، سابق وزیر داخلہ

 

ewاسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر رحمن ملک نے آصف زرداری کا نام بغیر کسی تحقیق اور الزام کے ای سی ایل میں ڈالنے پر نگران وزیر داخلہ سے وضاحت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعظم خان معاملہ پر معافی مانگیں ’ نواز شریف نے سیاست کرنی ہے تو اپنے خلاف عدالتی فیصلے کو عدالتوں سے معطل کرانا ہوگا۔جمعہ کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ سابق صدر آصف زرداری کا نام بغیر کسی تحقیق اور الزام کے ای سی ایل میں ڈالا گیا جس پر نگران وزیر داخلہ وضاحت دیں اور معافی مانگیں۔پیپلز پارٹی ایسے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والی نہیں ہے۔ انہوںنے کہاکہ ن لیگ کے لندن والے گھر کے باہر ایک سیاسی جماعت کے کارکن جو کر رہے ہیں اس سے پاکستان کی بدنامی ہو رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ گھروں کی عزتوں کو پامال کرنا سیاستدانوں کو زیب نہیں دیتا۔ میں دو سال سے کہ رہا ہوں کہ پاکستان کے اندر داعش، ٹی ٹی پی اور القاعدہ موجود ہے۔پشاور اور بنوں میں حملے ہوئے حالانکہ اکرم درانی پر حملوں کی اطلاع پہلے سے موجود تھی پھر بھی ان کی سیکیورٹی کیلئے اقدامات نہیں کیے گئے۔ وفاقی اور نگران صوبائی حکومتوں کے درمیان ہم آہنگی کا فقدان نظر آرہا ہے جس کے باعث ایسے واقعات پیش آرہے ہیں۔نواز شریف کا ملک واپس آنے کا فیصلہ درست ہے۔ وہ آ ئیں اور اپنے خلاف سزا بھگتیں اور اپیل کریں۔کسی بھی سیاسی جماعت کے کارکنوں کو جیلوں میں ڈالنا، اور کرفیو والی صورتحال پیدا کر دینا ملک کیلئے نقصان دہ ہے۔ نواز شریف نے اگر سیاست کرنی ہے تو اپنے خلاف عدالتی فیصلے کو عدالتوں سے معطل کرانا ہوگا۔رحمن ملک نے کہا کہ 2018کے الیکشن کو گالیوں کا الیکشن بنا دیا گیا ہے۔ عمران خانکی جانب سے سیاسی جماعت کے کارکنوں کو گدھا کہنے کی مذمت کرتے ہیں۔عمران خان آج جو زبان استعمال کر رہے ہیں کل ان کے خلاف بھی استعمال ہو سکتی ہے۔میری گزارش ہے کہ ملک کی بڑی یونیورسٹیوں میں لوٹا کریسی پر تحقیق ہونی چاہیے اور جو طالبعلم اس پر تحقیق کریں گے تاکہ ملک کے اندر سے لوٹاکریسی کو فروغ دینے والوں کی نشاندہی ہو اور اس کو روکا جا سکے۔ ان کی تعلیم کے سارے اخراجات میں برداشت کروں گا۔

Scroll To Top