شریف خاندان کے مستقبل کا فیصلہ پرسوں:ایون فیلڈ ریفرنس فیصلہ محفوظ

  • احتساب عدالت نے تقریباً ساڑھے 9 ماہ کیس کی سماعت کی، نواز شریف کے صاحبزادوں حسن نواز اور حسین نواز کو پہلے ہی اشتہاری قرار دیا جاچکا ہے، نواز شریف سمیت ملزمان سے 127سوالات پوچھے گئے، ملزمان کی طرف سے کوئی گواہ عدالت میں پیش نہیں کیا گیا
  • لندن سے 2 گواہوں کے بیانات ویڈیو لنک پر ریکارڈ کیے گئے ،نیب کے گواہ رابرٹ ریڈلے اور راجا اختر کا ویڈیو لنک پر بیان ریکارڈ کیا گیا،ریفرنس کی کل 107 سماعتیں ہوئیں، نواز شریف اور مریم نواز 78 مرتبہ پیش ہوئے،گزشتہ روز مریم نواز کے وکیل نے اپنے دلائل مکمل کئے

شریف خاندان کے مستقبل کا فیصلہ پرسوں

اسلام آباد(الاخبار نیوز)حتساب عدالت نے نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن(ر)صفدرکے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔احتساب عدالت کا کہنا ہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ 6 جولائی کو سنایا جائے گا۔احتساب عدالت نے تقریباً ساڑھے 9 ماہ کیس کی سماعت کی، نواز شریف کے صاحبزادوں حسن نواز اور حسین نواز کو ایون فیلڈ ریفرنس میں اشتہاری قرار دیا جاچکا ہے۔نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت ہوئی، جہاں مریم اور کیپٹن (ر) صفدر کے وکیل ایڈووکیٹ امجد پرویز اپنے حتمی دلائل دیے۔واضح رہے کہ 29 جون کو ہونے والی گزشتہ سماعت پر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ایڈووکیٹ امجد پرویز کو ایون فیلڈ ریفرنس میں 2 جولائی کو ہر حالت میں حتمی دلائل ختم کرنے کی ہدایت کی تھی، تاہم گزشتہ روز دلائل مکمل نہ ہونے پر ریفرنس کی سماعت آج تک کے لیے ملتوی کردی گئی تھی۔نواز شریف اور مریم نواز لندن میں موجودگی کے باعث آج بھی احتساب عدالت میں پیش نہیں ہوئے، گزشتہ روز عدالت نے دونوں کو حاضری سے 2 روز کا استثنیٰ دیا تھا۔احتساب عدالت میں آج ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا گیا۔خیال رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف سمیت ملزمان سے 127سوالات پوچھے گئے، ملزمان کی طرف سے کوئی گواہ عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، لندن سے 2 گواہوں کے بیانات ویڈیو لنک پر ریکارڈ کیے گئے جبکہ نیب کے گواہ رابرٹ ریڈلے اور راجا اختر کا ویڈیو لنک پر بیان ریکارڈ کیا گیا۔ایون فیلڈ ریفرنس کی 107 سماعتیں ہوئیں، نواز شریف اور مریم نواز 78 مرتبہ عدالت میں پیش ہوئے۔

Scroll To Top