چیمپئنز ٹرافی ہاکی؛ بیلجیم نے پاکستان کو 2-4 سے زیر کر دیا

v

پاکستان ٹیم پانچویں پوزیشن کے لیے اتوار کو ایکشن میں نظر آئے گی۔

بریڈا: چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں بیلجیم نے پاکستان کو 2-4 سے زیر کر دیا۔

نیدر لینڈ کے شہر بریڈا میں جاری میگا ایونٹ کے راﺅنڈ رابن مرحلے میں پاکستان ٹیم کا آخری میچ میں مقابلہ بیلجیم سے ہوا، گرین شرٹس نے اچھا آغاز کیا اور 11 ویں منٹ میں علیم بلال نے پنالٹی کارنر پر گیند کو جال میں پھینکتے ہوئے ٹیم کو برتری دلائی، دوسرے کوارٹر کے دوران پاکستانی گول کیپر عمران بٹ نے 4 یقینی گول بچائے۔

تیسرے کوارٹر میں حریف کپتان تھامس بریلز نے خوبصورت گول کرتے ہوئے مقابلہ برابر کر دیا، اگلے ہی منٹ میں علیم بلال نے پنالٹی کارنر پر ایک اور گول کرتے ہوئے پاکستان کو ایک بار پھر 1-2 سے برتری دلا دی، کچھ لمحوں کے بعد کیوسترز نے گول کرتے ہوئے مقابلہ برابر کردیا، چوتھے کوارٹر میں کارڈک چارلیئر نے پنالٹی کارنر کو کارآمد بناتے ہوئے بیجلیم کو برتری دلا دی، 3 منٹ بعد ہی فلورنٹ اوبل نے ٹیم کو 2- 4 سے فتح دلوائی۔ پاکستان ٹیم اب 5 ویں پوزیشن کےلیے اتوار کو ایکشن میں نظر آئے گی۔

Scroll To Top