الیکشن کمیشن: چیف سیکریٹریز اور آئی جیز کی فوری تبدیلی کا حکم

  • عملدرآمد کیلئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو باضابطہ مراسلہ جاری ،چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اہم ترین اجلاس آج طلب ،صوبائی الیکشن کمشنرز ،چیف سیکرٹریز، ہوم سیکرٹریز، آئی جیز سمیت دیگر اعلیٰ افسران شریک ہوںگے،عام انتخابات کےلئے سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا
  • نگران وزیراعظم ناصرالملک سے چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی ملاقات ،عام انتخابات کی تیاریوں سے متعلق امور کا جائزہ ،حکومت انتخابات کے بروقت انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن کو تمام وسائل فراہم کرے گی، شیڈول کے مطابق انتخابات کرانے کیلئے تمام تیاریاں مکمل ہیں، چیف الیکشن کمشنر کی وزیر اعظم کو بریفنگ

الیکشن کمیشن

اسلام آباد(این این آئی)الیکشن کمیشن نے چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور آئی جیز کے تبادلے کا حکم دے دیا ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو باضابطہ طور پر مراسلہ جاری کیا گیا جس میں چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور آئی جیز کے تبادلے کا حکم دیتے ہوئے نئے چیف سیکریٹریوں اور آئی جیز کی (آج) بدھ تک تقرری کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ دریں اثناءچیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کی زیر صدارت اہم ترین اجلاس آج ( بدھ) کو ہوگا جس میں عام انتخابات کےلئے سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنرز ،چیف سیکرٹریز، ہوم سیکرٹریز، آئی جیز سمیت دیگر اعلیٰ افسران شریک ہوںگے۔اجلاس میں امن و امان کی صورتحال ،صوبوں اور وفاق کی سفارشات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں الیکشن کمیشن کی عمارتوں،پولنگ عملے اور پولنگ اسٹیشنز پر حفاظتی انتظامات،پرنٹنگ پریس کی سکیورٹی سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاک فوج اور رینجرز کی تعیناتی ، انتہائی اور حساس قرار دئیے جانے والے پولنگ اسٹیشنز کی فول پروف سکیورٹی سمیت دیگر معاملات پر حتمی فیصلے کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں الیکشن کمیشن کی جانب سے آئی جی پولیس پنجاب کو چودہ نکات پر مشتمل ایجنڈا بھی بھجوا دیا گیا ۔ ادھرنگران وزیراعظم اور چیف الیکشن کمشنر نے عام انتخابات شیڈول کے مطابق کرانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔وفاقی دارالحکومت میں نگران وزیراعظم ناصرالملک سے چیف الیکشن کمشنر سردار رضا نے ملاقات کی جس میں عام انتخابات کی تیاریوں سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔چیف الیکشن کمشنر نے نگران وزیراعظم کو الیکشن کی تیاریوں پر بریف کیا اور بتایا کہ شیڈول کے مطابق انتخابات کرانے کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لیں گے۔ نگران وزیراعظم ناصر الملک نے کہا کہ عام انتخابات آزادانہ، غیر جانبدارانہ اور منصفانہ ہوں گے۔ حکومت انتخابات کے بروقت انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن کو تمام وسائل فراہم کرے گی۔

Scroll To Top