بہت جلد آئی فون سے گھر اور کار کے دروازے کھولنا ممکن ہوگا

z

ایپل فون کے ذریعے اب دروازہ کھولنا بہت آسان ہوگا۔ فوٹو: فائل

کیلیفورنیا: ٹیکنالوجی فرم ایپل نے کہا ہے کہ جلد ان کے فون کے ذریعے کار اور گھروں کے دروازے کھولنا ممکن ہوگا کیونکہ موبائل پیمنٹ والی ٹیکنالوجی کو ان کاموں میں بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

آئی فون میں نیئر فیلڈ کمیونی کیشن چپ (این ایف سی) کے ذریعے یہ کام ممکن ہے اور بعض اطلاعات کے مطابق ایپل نہ صرف ان ٹیکنالوجی پر کام کررہا ہے بلکہ جلد انہیں متعارف کرادے گا۔

بعض اطلاعات کے مطابق کیوپرٹینو میں ایپل کمپنی کے صدر دفاتر کے ملازمین اپنے فون کے ذریعے دفاتر اور عمارت میں رسائی حاصل کررہے ہیں۔ این ایف سی اور بلیو ٹوتھ کے ذریعے دروازوں کو کھولنا ایک بہت محفوظ طریقہ بھی ہے لیکن ایپل ایک عرصے سے اس ٹیکنالوجی پر کام کررہی ہے۔

ایپل کے لیے کام کرنے والی ایچ آئی ڈی گلوبل نامی ایک کمپنی اس پر 2014ء سے کام کررہی ہے جس کے ذریعے آئی فون سے عمارتوں اور دروازوں تک رسائی ممکن بنائی جاتی ہے۔ دوسری جانب جاپان، چین، امریکا اور برطانیہ کے بعض حصوں میں موبائل فون کے ذریعے رقم کا لین دین ہورہا ہے تاہم ایچ آئی ڈی گلوبل کمپنی اسے کیوبک نامی سروس کے ذریعے دنیا بھر میں رائج کرنے پر کام کررہی ہے۔

ایپل کمپنی اس سال چار جون کو منعقدہ ورلڈ وائیڈ ڈویلپرز کانفرنس میں اس فیچر کا اعلان کرے گی جس کے تحت 2014ء یا اس کے بعد والے آئی فون میں سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کے ذریعے گھر کے دروازے کھولنے اور بند کرنے کی سہولت کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں ہوٹلوں تک رسائی اور کار کو بھی فون کے ذریعے کھولنا ممکن ہوگا۔

تجزیہ نگاروں کے مطابق اس سال ستمبر میں آئی او ایس 12 ریلیز ہوگا جس میں نئے این ایف سی فیچر پیش کیے جائیں گے جس کے بعد ایپل کا یہ نیا فیچر ہر ایک کی رسائی میں ہوگا تاہم اس کے لیے گھروں میں ہارڈویئر کی تبدیلی لازمی ہوگی۔

Scroll To Top