نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈال کر آرٹیکل6کے تحت مقدمہ چلایا جائے، عمران خان

  • نواز شریف ایک اور این آر او لینے کے لیے ڈرامہ کر رہے ہیں، لیکن اب بدلہ ہوا پاکستان ہے، کوئی نہ سمجھے این آر او ہو گا،اگر کوئی این آر او ہوا تو قوم کو باہر نکالوں گا، بیان سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور ملک پر پابندیاں بھی لگ سکتی ہیں،چیئرمین پی ٹی آئی
  • نواز شریف کو گرفتار کر کے غداری کا مقدمہ چلایا جائے ، میڈیا کوریج پر بھی پابندی عائد کی جائے،سندھ اور پنجاب اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماﺅں خرم شیر زمان اور مراد راس کی پیش کی جانے والی مذمتی قراردادوں کا متن
اسلام آباد:۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان پی ٹی آئی میڈیا اسٹریٹجی اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

اسلام آباد:۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان پی ٹی آئی میڈیا اسٹریٹجی اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

اسلام آباد ( الاخبار نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کے بیان پر بھارت میں خوشیاں منائی گئیں۔ ملکی اداروں کے خلاف بیانیہ ترتیب دیا جا رہا ہے۔ سابق وزیرِاعظم پر آرٹیکل چھ لگا کر نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے بیان سے اصل شکل سامنے آ گئی ہے۔ نواز شریف کے بیان سے کشمیر کاز کو نقصان ہو گا اور پاکستان پر پابندیاں بھی لگ سکتی ہیں۔ پاکستان کا نام تو پہلے ہی گرے لسٹ میں شامل ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف جو آج کہہ رہے ہیں، پچھلے 5 سال میں کیوں نہیں کہا؟ وہ جب وزیرِاعظم تھے، تب یہ باتیں کیوں نہیں کیں؟ نواز شریف ایک اور این آر او لینے کے لیے ڈرامہ کر رہے ہیں، لیکن اب بدلہ ہوا پاکستان ہے، کوئی نہ سمجھے این آر او ہو گا۔ اگر کوئی این آر او ہوا تو قوم کو باہر نکالوں گا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ صرف پاکستان میں فوج ہی ایک منظم ادارہ رہ گیا ہے لیکن اسے ہی کمزور کرنے کے لئے سازش ہو رہی ہے۔ بھارت کی ساری کمپین ہی پاکستانی فوج کیخلاف ہے لیکن سارا پاکستان فوج کیساتھ کھڑا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی اور شہباز شریف ذاتی مفادات کے لیے نواز شریف کیساتھ کھڑے ہیں۔ چودہ دن حکومت کو رہ گئے، اب کیا قانونی کارروائی کریں گے، شاید ان میں کوئی اخلاقی جرات ہے تو مستعفی ہو جائیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیرِاعظم اور وزیرِاعلیٰ پنجاب کو مستعفیٰ ہو جانا چاہیے جبکہ نواز شریف پر آرٹیکل 6 لگا کر ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالا جائے۔ دریں اثناءملک دشمن بیان پر نواز شریف کے خلاف پنجاب اور سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی گئی ہیں، جن میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ نواز شریف کو گرفتار کر کے غداری کا مقدمہ چلایا جائے اور نواز شریف کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد کی جائے۔تفصیلات کے مطابق ممبئی حملوں سے متعلق بیان پر نواز شریف کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی گئی ، قرارداد تحریک انصاف کے مراد راس کی جانب سے جمع کرائی گئی۔جس میں کہا گیا کہ ایوان نواز شریف کو گرفتار کرکے غداری کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ کرتا ہے، نواز شریف کی بھارت نوازی میں اب کوئی شکوک و شبہات نہیں رہے۔قرار داد میں نواز شریف کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ نوازشریف متنازع بیان کی آڑمیں ملکی تشخص بری طرح متاثر کررہے ہیں۔دوسری جانب نوازشریف کے متنازع بیان پر سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کی جانب خرم شیرزمان نے مذمتی قرارداد جمع کرادی، خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ نوازشریف پرغداری کامقدمہ چلایاجائے، ممبئی حملوں پرنوازشریف کاتنازع بیان وطن سے غداری ہے۔قرارداد میں مطالبہ کیا ہے کہ سندھ اسمبلی نوازشریف کے بیان کی مذمت کرے۔

Scroll To Top