اتنے سارے لوگوں کو سانپ کیوں سونگھ گیا ہے؟

سرل المیڈا کی چلائی ہوئی خبر پاکستان کی سیاست کا ایک سربستہ راز بن گئی ہے۔ خبر کے بعد جو شور اٹھا اس نے حکومت کو زبردست ”مذمّتی“ بیانات دینے پر مجبور کر دیا۔ وزیر اعظم نے فوری تحقیقات کا حکم دے دیا۔ وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے ایک دھواں دار پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے کہا کہ جس شخص یا جن اشخاص کی اس سازشی حرکت کی وجہ سے دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی ہوئی ہے اور پاکستان کے دشمنوں کو گھناو¿نا پروپیگنڈہ کرنے کا موقع ملا ہے، اسے یا انہیں جلد از جلد کٹہرے میں لایا جائے گا۔ چودھری صاحب نے سرل المیڈا کو ای سی ایل میں ڈالنے کے فیصلے کا دفاع یہ کہہ کر کیا کہ جس شخص کو بھی شامل تفتیش کیا گیاہے اسے ملک سے بھاگنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ سرل المیڈا کے علاوہ چودھری صاحب نے دو تین دیگر اصحاب کا بھی ذکر کیا جو شامل تفتیش ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ تحقیقات کے نتائج تین چار دن میں قوم کے سامنے آجائیں گے۔
اگلے ہی روز اے پی این ایس اور سی پی این ای کے وفود نے چودھری صاحب سے ملاقات کی تو سرل المیڈا کا نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا۔ اور اب تقریباً دو ہفتے ہونے والے ہیں جس کے دوران کورکمانڈروں کی کانفرنس متذکرخبر کی ”لِیک“ کو ”فیڈ“ قرار دے کر اسے قومی سلامتی پر ایک حملہ قرار دے چکی ہے۔ اس ضمن میں آرمی چیف دو مرتبہ وزیراعظم سے مل کر انہیں فوج کی ناراضگی سے با خبر کر چکے ہیں اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ ”زمہ داران“ کو بے نقاب کیا جائے۔
لیکن ایسا لگتا ہے کہ حکومت کو سانپ سونگھ گیا ہے۔ کوئی تووجہ ہے کہ وزیر اعظم نے چپ سادھ رکھی ہے اور اس سنگین معاملے پر ایک لفظ نہیں بول رہے اور نہ ہی کوئی کارروائی کر رہے ہیں۔
سانپ چودھری نثار علی کو بھی سونگھ گیا ہے۔ یہ ضرور ہے کہ انہوں نے درمیان میں استعفیٰ دینے کی بھی کوشش کی اور کہا کہ خبر کی تحقیقات کرانے سے وہ ناگزیر وجوہ کی بنا پر قاصر ہیں۔ لیکن انہیں استعفیٰ دینے نہیں دیا گیا۔ اور خبر کی تحقیقات کی زمہ داری ابھی تک ان کے کندھوں پر ہے۔
کیا جس شخص نے اِ س خبر کی اشاعت کا اہتمام کیا وہ چودھری نثار علی خان سے زیادہ طاقتور ہے۔؟
اگر نہیں تو چودھری صاحب بے دست وپا کیوں ہو گئے ہیں۔؟
اس ضمن میں ایک اور سوال بھی اٹھ رہا ہے۔ وزیر اعظم کو اگر سانپ سونگھ گیا ہے تو اس کی کوئی وجہ ہو سکتی ہے۔ لیکن جس ادارے کی تضحیک کی گئی ہے ، وہ کیوں یہ تاثر دے رہا ہے کہ اسے بھی سانپ سونگھ گیا ہے۔۔۔۔۔؟

Scroll To Top