کور کمانڈر کانفرنس جیوسٹریٹجک، ملکی سکیورٹی صورتحال پر غور: امن کے ثمرات فاٹا کو قومی دھارے میں شامل کرنے سے جڑے ہیں: آرمی چیف

  • پاک فوج ملک میں امن و ترقی کیلئے قومی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے،دیرپا امن کیلئے قومی اداروں کے درمیان باہمی تعاون جاری رکھا جائے گا، دہشت گردوں سے پاک علاقے سول انتظامیہ کے حوالے کرنے کا عمل جاری
  • دہشت گردی کو مسترد کرنے میں پرعزم پاکستانیوں کی قربانیوں کا اعتراف،آپریشن ردالفساد پر پیشرفت، خوشحال بلوچستان پروگرام پر تبادلہ خیال ،جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت 210ویں کورکمانڈر کانفرنس
راولپنڈی: چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ 210ویں کورکمانڈرز کانفرنس کی صدارت کررہے ہیں

راولپنڈی: چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ 210ویں کورکمانڈرز کانفرنس کی صدارت کررہے ہیں

راولپنڈی(آن لائن)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج ملک میں امن و ترقی کیلئے قومی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے ، امن کے ثمرات فاٹا کوعوامی امنگوں کے مطابق قومی دھارے میں شامل کرنے سے جڑے ہیں اور یہ ثمرات عام آدمی تک پہنچنے چاہئیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بدھ کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں دہشت گردی کو مسترد کرنے میں بالخصوص پرعزم پاکستانیوں کی قربانیوں کا اعتراف کیا گیا ۔کانفرنس میں آپریشن ردالفساد پر پیش رفت،خوشحال بلوچستان پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا اس کے علاوہ کانفرنس میں ملک کی جیواسٹریٹجک اورسیکیورٹی صورتحال کا جائزہ بھی لیا گیا۔کانفرنس میں شریک اعلیٰ فوجی قیادت کا کہنا تھا کہ پاکستان ہرقسم کی دہشت گردی کورد کرتا ہے اور وہ خطے میں قیام امن کیلئے کی جانیوالی کوششوں کا مکمل حامی ہے ۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاویدباجوہ نے شرکاءسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ملکی امن وخوشحالی کیلیے قومی اداروں کا بھرپورساتھ دیتی رہے گی اور امن کے ثمرات فاٹا کوعوامی امنگوں کے مطابق قومی دھارے میں شامل کرنے سے جڑے ہیں تاہم امن و خوشحالی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچنے چاہئیں۔آرمی چیف نے مزید کہا کہ دہشت گردوں سے پاک علاقے سول انتظامیہ کے حوالے کیے جارہے ہیں۔ قبائلی علاقوں کو قومی دھارے میں شامل کیا جارہا ہے اورقبائلی علاقوں کو قومی دھارے میں لانے کیلئے قومی اداروں کا تعاون ضروری اور بڑی کامیابی ہوگی ۔دیرپا امن کیلئے قومی اداروں کے درمیان باہمی تعاون جاری رکھا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ ریاستی ادارے ملک کو امن کی راہ پر لے جارہے ہیں ۔

Scroll To Top