تیسرا ٹی ٹوئنٹی؛ ویسٹ انڈیز کا پاکستان کو جیت کے لیے 154 رنز کا ہدف

z

قومی ٹیم کو تین میچز کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ فوٹو : فائ

 کراچی: تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو جیت کے لیے 154 رنز کا ہدف دیا ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو جیت کے لیے 154 رنز کا ہدف دیا ہے، ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو مہمان ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز چیڈ وک والٹن اور آندرے فلیچر نے کیا تاہم والٹن صرف 2 کے مجموعی اسکور پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔

پہلے ہی اوور میں وکٹ گرنے کے بعد آندرے فلیچر اور مارلن سیمیولز نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا، دونوں کھلاڑیوں نے 72 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد مارلن سیمیولز 31 رنز بناکر  شاداب خان کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ اوپنر آندرے فلیچر نے نصف سنچری اسکور کی تاہم 52 رنز بناکر وہ رن آؤٹ ہوگئے۔

اوپنر آندرے فلیچر اور مارلن سیمیولز کے آؤٹ ہونے کے بعد ویسٹ انڈیز کی آدھی ٹیم صرف 99 رنز پر پویلین لوٹ گئی تاہم بعد میں آنے والے دنیش رامدین نے جارحانہ انداز اپنایا اور صرف 18 گیندوں پر 42 رنز بنائے جس کے باعث ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 153 رنز بناسکی۔

کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ پہلے بیٹنگ کریں یا بولنگ کوئی فرق نہیں پڑتا، ویسٹ انڈیز کو کم سے کم اسکور پر آوٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں فاسٹ بولر محمد عامر اور حسن علی کی جگہ عثمان شنواری اور شاہین شاہ آفریدی کو جگہ دی گئی ہے۔

دوسری جانب ویسٹ انڈین کپتان جیسن محمد کا کہنا ہے کہ 180 رنز تک اسکور کرنے کی کوشش کریں گے جب کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، کیسرک ولیمز کی جگہ میکار تھی کو شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم کو تین میچز کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے، پہلے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 143 رنز سے شکست دی جب کہ دوسرے میچ میں 82 رنز سے کامیابی حاصل کی۔

Scroll To Top