ناسا اگلے ماہ مریخ کی جانب جدید ترین خلائی جہاز روانہ کرے گا

aناسا 5 مئی کو مریخ کی جانب ایک خلائی جہاز روانہ کررہا ہے جو پہلی مرتبہ سیارہ مریخ کی اندرونی ساخت اورکیفیات کی خبر لے سکے گا۔ فوٹو: بشکریہ ناسا

پیساڈینا، کیلیفورنیا: ناسا کی جانب سے مریخ پر کئی اہم مشنز اور خلائی جہاز روانہ کیے گئے ہیں لیکن اب مریخی تاریخ اور اس کی اندرونی خبر لینے کےلیے ناسا اگلے ماہ ’’انسائٹ‘‘ نامی جدید ترین خلائی جہاز روانہ کررہا ہے۔

آئندہ ماہ کی پانچ تاریخ کو انسائٹ مریخ کی جانب روانہ کیا جائے گا جو مریخ کے اندر کے رازوں پر سے پردہ اٹھائے گا۔ ماہرین اس کی بدولت مریخ کی اندرونی ساخت، کیمیائی ترکیب، تاریخ اور خود زمین سمیت دیگر سیاروں کے بارے میں بہت کچھ جان سکیں گے۔

ناسا میں اس خلائی مشن سے وابستہ اہم ماہر بروس بینرٹ کہتے ہیں کہ مریخ پر تحقیق کرکے ہم اپنے نیلے سیارے کی خبر لے سکیں گے اور اس کے بارے میں اہم انکشافات مریخ پر تحقیق کے بعد سامنے آئیں گے۔ انسائٹ کا پورا نام ’انٹیریئر ایکسپلوریشن یوزنگ سیسمک انویسٹی گیشنزجیوڈیسی اینڈ ہیٹ ٹرانسپورٹ‘ ہے۔ 2012 میں مریخ کی سطح پر اترنے والا آخری خلائی جہاز کیوریوسٹی تھا اور اب انسائٹ وہاں پہنچے گا۔

اس پر ایک روبوٹ بازو لگا ہوا ہے جو مریخی سطح کو کھود کر اس میں ایک زلزلہ پیما یعنی سیسمو میٹر لگائے گا۔ یہ آلہ مریخی زلزلوں کو ریکارڈ کرے گا اور ساتھ ہی مریخی سطح کی مختلف تہوں میں موجود مختلف مادّوں (مٹیریلز) کی خبر دے گا۔ اس طرح ہمیں بخوبی معلوم ہوسکے گا کہ مریخ کے اندر کس طرح کے مادے پائے جاتے ہیں۔

انسائٹ خلائی جہاز میں ایک ہتھوڑے نما آلہ بھی ہے جو مریخ کی سطح کے 16 فٹ اندر تک دھنس کر وہاں موجود حرارت کا پتا لگائے گا۔ اس سے ہمیں معلوم ہوسکے گا کہ آخر مریخ اندر سے کتنا گرم ہے اور اس کی وجہ کیا ہے۔ اس میں نصب ایک تیسرا حساس نظام پورے سال مریخ اور زمین کے درمیان سگنل بھیج کر انہیں بطور ایک حوالہ استعمال کرکے اس کے قطب شمالی کی تھرتھراہٹ کو نوٹ کرے گا۔ اس سے مریخ کی اندرونی کثافت اور دیگر تفصیلات معلوم ہوسکیں گی۔

ماہرین کے مطابق اس اہم مشن سے نہ صرف مریخ بلکہ پورے نظامِ شمسی کے متعلق ہماری معلومات میں اضافہ ہوگا۔

Scroll To Top