مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے مزید 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا

ایک اور واقعے میں قابض فوج نے 3 کشمیریوں کو زخمی کردیا۔ ،فوٹو:فائل

ایک اور واقعے میں قابض فوج نے 3 کشمیریوں کو زخمی کردیا۔ ،فوٹو:فائل

 سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کا نہتے کشمیریوں کے خلاف ظلم و ستم کا سلسلہ نہ رکُ سکا اور ریاستی دہشتگردی کے ایک اور  وحشیانہ واقعے میں 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا گیا۔ 

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے ضلع راجوری کے علاقے راوارین تالا میں کارروائی کی ،  قابض فوج نےعلاقے کو گھیرے میں لینے کے بعد سرچ آپریشن کی آڑ میں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے گھر گھر تلاشی لی اور اس دوران وحشیانہ فائرنگ کرکے 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

دوسری جانب پلواما ڈسٹرکٹ میں تلاشی کے دوران بھارتی فوج نے 3 کشمیریوں کو زخمی کردیا جب کہ واقعے کے بعد اہلِ علاقہ احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے، قابض فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کی اور ربڑ کی گولیاں برسائیں جس کے جواب میں مظاہرین نے بھی بھارتی فوجیوں پر پتھراؤ کیا۔

Scroll To Top