اسلامی فلاحی مملکت کا قیام اسلام کے بغیر ممکن نہیں 07-02-2013

kal-ki-baatہماری قومی سیاست کا ایک بڑا المیہ میری حقیر رائے میں یہ ہے کہ قائداعظم ؒ نے جو خواب پاکستان کو ایک ” اسلامی فلاحی مملکت “ بنانے کے حوالے سے تقریباً 66برس قبل دکھایا تھا اسے عملی جامہ پہنانے کے لئے کوئی بھی سیاسی جماعت ایک واضح منشور اور لائحہ عمل کے ساتھ سامنے آکر عوام کی توجہ حاصل نہیں کرسکی۔
جہاں تک پاکستان کی بانی جماعت مسلم لیگ کا تعلق ہے وہ یا تو کئی دھڑوں میں بٹتی چلی گئی یا پھر حکمران ٹولوں کی باندی بن کررہ گئی۔ پاکستان پیپلزپارٹی ذوالفقار علی بھٹو مرحوم کی قیادت میں ایک تحریک بن کر ضرور اٹھی لیکن اس کے پاس نعرے تو بے حد دلکش تھے پر ” فلاحی مملکت “ کا کوئی قابل عمل نقشہ یا روڈ میپ نہیں تھا۔جب اسے اقتدار ملا تو اس نے اس مصرعے کے صرف نصف حصے پر عمل کیا۔
” ہر نئی تعمیر را ` تخریب ہے لازم تمام “
تخریب تو پرانے اور فرسودہ اداروں کی بڑے جوش و خروش کے ساتھ کی گئی لیکن ” نئی تعمیر “ کا خاکہ کسی کے پاس نہیں تھا۔
روٹی کپڑا اور مکان کے نعرے سے بہت پہلے بھٹو مرحوم نے ” اسلام ہمارا دین ` سوشلزم ہماری معیشت اور جمہوریت ہماری سیاست “ کا تصور دیا تھا۔ لیکن المیہ یہ ہوا کہ ان کے عہد کے سارے معمار ان تینوں شعبوں کے تقاضوں سے نابلد تھے۔
مثبت بات یہ ضرور ہوئی کہ سیاسی جمود ٹوٹ گیا۔ اور نئی تعمیر کی امنگ عوام کے سینوں میں جاگ اٹھی۔
آج ہم اپنی تاریخ میں دوسری مرتبہ ایک ایسے مقام پر کھڑے ہیں جہاں سے ایک راستہ حقیقی ” تعمیر نو “ کی طرف بھی جاتا ہے۔
اس ” تعمیرِ نو “ کی تعریف بانی ءپاکستان نے ” اسلامی فلاحی مملکت “ کے عنوان سے کردی تھی۔
بدقسمتی سے ہماری تمام اسلامی جماعتوں پر ایسی ”باریش“ قیادتوں کا قبضہ ہے جنہوں نے ” دین “ کو ایک پیشے یا ذریعہ ءمعاش کے طور پر اختیار کررکھا ہے۔ اس ضمن میں اگر کسی جماعت کو قدرے استثنیٰ حاصل ہے تو وہ جماعت اسلامی کو ہے۔ لیکن اس کی قیادت میں بھی روایت پسندی کو ترک کرنے کا حوصلہ نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس کا ووٹ بنک آج تک نہیں پھیل سکا۔آنے والے انتخابات میں عمران خان کی تحریک ِانصاف کے پاس یہ موقع ضرور موجودہے کہ وہ ” اسلامی فلاحی مملکت “ کا ایک واضح خاکہ سامنے لاکر سیاسی جمود کو توڑ دے۔ لیکن ” اسلامی فلاحی مملکت “ کا کوئی بھی خاکہ قرآن حکیم کے قوانین کو بنیاد بنائے بغیر ممکن نہیں ہوگا۔
اسلامی فلاحی مملکت کا قیام اسلام کے بغیر ممکن نہیں۔

Scroll To Top