پشاور زلمی کا اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلیے 149 رنز کا ہدف

bشاداب خان نے 3، سمیت پٹیل، حسین طلعت نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو: پی ایس ایل

 کراچی: پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 149 رنز کا ہدف دیا ہے۔ 

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پشاور زلمی کے بلے باز اسلام آباد یونائیٹڈ کی شاندار بولنگ کے باعث بڑا ٹوٹل کرنے میں ناکام رہے اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 148 رنز بناسکے۔

اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان ڈیرین سیمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور اندرے فلیچر نے اننگز کا آغاز کیا لیکن وہ ابتدائی 2 اوور تک بہت ہی محتاط رہے جس کے بعد فلچر نے تیسرے اوور میں سمت پٹیل کو لگاتار 2 چوکے رسید کیے۔

تیسرے اوور میں پشاور زلمی کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب ان کے ان فارم بلے باز، پچھلے میچ کے ہیرو اور ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ اسکور بنانے والے بلے باز کامران اکمل 9 گیندوں پر صرف ایک رنز بناکر سمت پٹیل کا شکار بنے۔

محمد حفیظ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے اور ایک شاندار چھکا رسید کرکے اپنے خطرناک عزائم کا اظہار کیا مگر سمت پٹیل نے ان کی ایک نہ چلنے دی اور 8 رنز پر ہی پویلین واپس بھیج دیا۔

دو اہم ترین بلے بازوں کے آؤٹ ہوجانے کے بعد اندرے فلیچر نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کچھ اچھے اسٹروکس کھیلے لیکن وہ شاداب خان کی ایک گیند کو بالکل نہ سمجھ پائے اور اس پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ وہ 21 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے بولرز کی نپی تلی بولنگ کے باوجود کرس جورڈن اور لیام ڈاسن نے چوتھی وکٹ کے لیے 52 رنز کی قیمتی شراکت داری بنانے میں کامیاب رہے تاہم کرس جورڈن حسین طلعت کو ایک چھکا رسید کرنے کے بعد اگلی گیند پر باؤنڈری پر کپتان ڈومینی کو کیچ دے بیٹھے۔ وہ 26 گیندوں پر 36 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

جورڈن کے پویلین لوٹنے کے بعد سعد نسیم بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ صرف 3 گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے اور 2 رنز بنانے کے بعد حسین طلعت کی گیند کیچ اینڈ بولڈ ہوگئے۔

کپتان ڈیرن سیمی نے اپنی مزاج کے خلاف دفاعی انداز اپنایا جو انہیں بہت مہنگا پڑا اور انہیں 6 گیندیں کھیلنے کے بعد ہی پویلین واپس جانا پڑا، وہ 6 رنز بناکر شاداب خان کا شکار بنے جب کہ شاداب نے اگلی ہی گیند پر عمید آصف کو بھی کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس بھیج دیا۔

لیام ڈاسن نے بھرپور کوشش کی کہ وہ وکٹ پر موجود رہ کر اپنی ٹیم کو بڑا ٹوٹل دینے میں کامیاب رہے لیکن وہ بھی 33 رنز پر ہمت ہار بیٹھے، انہیں محمد سمیع نے بولڈ کیا جب کہ حسن علی بھی 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

وہاب ریاض میں آخری لمحات میں چند شاندار اسٹروکس کھیلے جس کی بدولت پشاور زلمی اسکور بورڈ پر ایک مناسب ٹوٹل سجانے میں کامیاب رہے، وہاب ریاض 14 گیندوں پر 28 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان نے 3، سمیت پٹیل، حسین طلعت نے 2،2 جب کہ فہیم اشرف اور محمد سمیع نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Scroll To Top