پاک فضائیہ کے نئے سربراہ ائیر مارشل مجاہد انور خان نے اپناعہدہ سنبھال لیا

پاک فضائیہ کے نئے سربراہ ائیر مارشل  مجاہد انور خان نے اپناعہدہ سنبھال لیا

اسلام آباد (این این آئی)پاک فضائیہ کے نئے سربراہ ائیر مارشل مجاہد انور خان نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ پیر کو پاک فضائیہ کی کمان کی تبدیلی کی تقریب ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ہوئی ، سبکدوش ہونے والے پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان کو گاڈ آف آنر پیش کیا گیا ،جے ایف 17 تھنڈرطیاروں نے سبکدوش ہونے والے ایئرچیف کو سلامی پیش کی۔اس موقع پر سبکدوش ہونےوالے ایئرچیف سہیل امان نے تقریب سے الوداعی خطاب کیا جس میں انہوںنے کہاکہ پاک فضائیہ میں خدمات سرانجام دینامیرے لیے اعزازکی بات ہے،پاک فضائیہ نے ملکی دفاع میں ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے۔پاک فضائیہ نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بھی کلیدی کردار ادا کیا ہے ،دنیاکی کسی فضائیہ نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اس طرح کاکردارادانہیں کیا جس طرح پاک فضائیہ نے ادا کیا۔پاک فضائیہ کے ملک کے مختلف علاقوں میں فلاحی منصوبے بھی جا ری ہیں۔سہیل امان کا کہناتھا کہ اسے جدید تقاضوں کے مطابق لیس کیا جارہا ہےجبکہ حالیہ برسوں میں ملکی دفاع مزید مضبوط ہوا ہے ،پاک فضائیہ نے ملک کے مختلف علاقوں میں فلاحی منصوبے شروع کررکھے ہیں،یہ ایک مثالی ادارہ ہے اس کے ایک ایک فرد پرفخرہے۔انہوں نے کہا کہ اتحاد اوریکجہتی میں ہی ہماری کامیابی ہے۔ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ہونے والی اس پر وقار تقریب میں ایئرچیف مارشل مجاہد انورخان نے پاک فضائیہ کی کمان سنبھال لی،شاندار کیریئر کے حامل مجاہد انور خان پاک فضائیہ کے 22ویں سربراہ بن گئے ۔واضح رہے کہ ایئر مارشل مجاہد انور خان 23 دسمبر 1962 کو پیدا ہوئے اور دسمبر 1983 میں پی اے ایف کی جی ڈی پی برانچ میں کمیشن حاصل کیا، ائیر مارشل مجاہد انور خان کوالیفائیڈ فلائنگ انسٹرکٹر اور وہ ایئر وار کالج اورنیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سےفارغ التحصیل ہیں۔ انہوں نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی گولڈ میڈل، اعزازی شمشیر اور بیسٹ پائلٹ ٹرافی بھی حاصل کی۔

Scroll To Top