ن لیگی، اتحادی اپنی شکست پر حواس باختہ: نادیدہ قوتوں پر بالواسطہ الزامات کی بوچھاڑ

  • پارلیمنٹ ہارچکی ،ثابت ہوگیا ہے کہ بالادست طبقے پارلیمنٹ سے بالاتر ہیں، ہاؤس کا منہ کالا ہوچکا، پیپلزپارٹی یا ذوالفقارعلی بھٹو نہیںبلکہ بالادست طبقہ جیتا ہے،میر حاصل بزنجو اکا ایوان بالا میں خطاب
  • غیر جمہوری قوتیں پوری قوم کے سامنے بے نقاب ہوچکیں، مریم اورنگزیب، عمران، زردای نے نواز شریف کی مخالفت میں جمہوریت کی اینٹ سے اینٹ بجا دی ، طلال چوہدری، شطرنج کے مہرو تم جیتے نہیں ،تمہیں بدترین شکست ہوئی، مریم نواز

چیئر مین ڈپٹی چیئر مین سینٹ کیلئے جوڑ توڑ جاری

اسلام آباد(الاخبار نیوز) سینٹ انتخاب میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے امیدواروں کی شکست فاش نے پاکستان مسلم لیگ ن کے کیمپ میں کھلبلی مچا دی اور اس کے رہنماﺅں نے شفاف اور غیر جانبدار انتخاب پر بے جا انگلیاں اٹھانی شروع کر دیں۔ تجزیہ نگاروںکے مطابق سینٹ میں ن لیگ کی یہ شکست ناصرف پارٹی میں جوڑتوڑکے عمل کو تیز کر دے گی بلکہ آئندہ انتخابات میں بھی پارٹی کو غیر متوقع مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ سیاسی پنڈتوں کے مطابق زرداری ، عمران اتحاد آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کے لئے پنجاب میں خاص طور پر واضح برتری حاصل کرنا مشکل ہو جائے گی نتیجتاً وفاق میں اس کے لئے حکومت بنانے کے امکانات معدوم ہو ہی جائیں گے لیکن پنجاب میں بھی اس کے لئے برتری حاصل کرنا ناممکن ہو جائے گا۔ دریں اثناء سینٹ میں اپنے خطاب میں پاکستان مسلم لیگ ن کے اتحادی نیشنل پارٹی کے رہنما سینیٹر میر حاصل خان بزنجو نے کہا ہے کہ اس ایوان میں بیٹھتے ہوئے مجھے شرم آتی ہے کیونکہ میں سمجھتا ہوں آج پارلیمنٹ ہارچکی ہے، مبارکباد کس چیز کی دوں؟ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ الیکشن کے بعد ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، نو منتخب چیئرمین سینیٹ میر صادق سنجرانی کی زیر صدارت ہونے والے پہلے اجلاس میں ایوان کا ماحول کافی گرم رہا۔۔اجلاس سے انتہائی جذباتی انداز میں خطاب کرتے ہوئے میرحاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ تالیاں بجانے کی ضرورت نہیں میں سمجھتاہوں آج پارلیمنٹ ہارچکی ہے، اس ایوان میں بیٹھتے ہوئے مجھے شرم آتی ہے، آج عملی طور پر ثابت ہوچکا ہے کہ بالادست طبقے پارلیمنٹ سے بالاتر ہیں۔ان کی تقریر کے دوران چیئرمین سینیٹ نے ان سے کہا کہ آج صرف مبارکباد کا دن ہے لہٰذا صرف مبارکباد دیں جس پر حاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ مبارکباد کس چیزکی دوں؟ آج اس ہاو¿س کا منہ کالا ہوگیا ہے، آج اس طبقے نے ثابت کردیا کہ ایوان بالا کو ہم منڈی بناسکتے ہیں، بلوچستان اور کے پی اسمبلی کو بھی منڈی بنا دیا گیا۔میر حاصل بزنجو کا مزید کہنا تھا کہ آج پیپلزپارٹی یا ذوالفقارعلی بھٹو نہیں جیتا بلکہ بالادست طبقہ جیتا ہے۔ ادھر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب پر رد عمل دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ سینیٹ الیکشن میں کرپشن اور دھاندلی ہوئی ہے۔ نامعلوم افراد جو ایمپائر کی انگلیا ں پکڑ کر جمہورت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں وہ بھی عوام کے سامنے آگے ہیں۔ بلوچستان، پنجاب اور کے پی کے میں جس طرح ووٹ خریدے گے سب کے سامنے ا?گیا ہے۔ پاکستان کی عوام نواز شریف کے نظریے کے ساتھ کھڑے ہیں اور ووٹ کی عزت کے نعرے کو ووٹ دیں گے اور 2018 میں ان جعلی جمہوری چہروں کو بے نقاب کریں گے۔ غیر جمہوری عناصر پوری قوم کے سامنے بے نقاب ہوگے ہیں۔ اگر نواز شریف ڈٹے رہے اور حق اور سچ کی جنگ لڑتے رہے تو انشا اللہ وہ لوگ جو ووٹ خریدتے ہیں 2018 میں عوام انہیں مسترد کر دیں گے۔ وزیر مملکت طلال چوہدری نے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ۔ ان انتخابات سے جعلی جمہوری چہرے بے نقاب ہوئے اور تبدیلی کے نعرے بھی دفن ہوئے ، آج عوام کو ان کا اصل چہرہ نظر آگیا ہے۔ وہ زرداری جو بیماری تھا اب وہ بیماری بنی گالہ پہنچ گئی ہے۔ تبدیلی کی سیاست کا اصل چہرہ کھل کر سامنے آگیا ہے۔ پیپلز پارٹی نے سنجرانی کا انتخاب کر کے نقصان کیا ہے۔ اب یہ لوگ بے نظیر اور بھٹو کی قبروں پر کس طرح جائیں گے۔ سنجرانی کا انتخاب نہیں ہوا، بھرتی ہوئی ہے۔ اب آصف زرداری کا نظریہ ربانی نہیں سنجرانی ہے۔ عمران، زردای نے نواز شریف کی مخالفت میں جمہوریت کی اینٹ سے اینٹ بجا دی ہے۔۔سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ شطرنج کے مہرو! تم جیتے نہیں بلکہ تمہیں بدترین شکست ہوئی ہے۔اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار صادق سنجرانی کے چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر مریم نواز نے اپنے ٹوئٹ میں عمران خان اور آصف علی زرداری کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ زرداری اور امپائر کی انگلی کا بیوپاری تیرے دربار میں پہنچے تو سبھی ایک ہوئے۔مریم نواز نے مزید کہا کہ شطرنج کے مہرو تم جیتے نہیں بلکہ تمہیں بدترین شکست ہوئی، ذرا عوام کے سامنے تو آو¿، بھیڑ بکریوں کی طرح ہانکے جانے والو قوم نے تمہارا اصلی چہرہ آج دیکھ لیا۔

Scroll To Top