پی ٹی آئی کارکن قومی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں، پرویز خٹک

  • پی ٹی آئی کی حالیہ ممبر شپ مہم میں بھر پور حصہ لیں ، عمران خان کی تبدیلی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں ، حالیہ عام انتخابات میںنوجوان کارکنوں بالخصوص خواتین ورکرز کو کھل کر سامنے آنا ہوگا
  • انتخابی معرکے قومی جذبے کے ساتھ ساتھ سرگرم کارکنوں کی محنت کی بدولت جیتے جاتے ہیں، پی ٹی آئی کی حالیہ ممبر شپ مہم انتخابی عمل میں کامیابی کی کلید ثابت ہو گی،وزیراعلی خیبرپختونخوا

پرویز خٹک

پشاور(الاخبار نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے کارکن  قومی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیںاور نہ صرف پارٹی بلکہ پوری قوم کا قابل فخر سرمایہ ہیں۔انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ پی ٹی آئی کی حالیہ ممبر شپ مہم میں بھر پور حصہ لیں اور عمران خان کی تبدیلی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں جسے سننے کیلئے گلی محلہ پر لوگ بے تاب ہیں۔ انہوںنے کہاکہ حالیہ عام انتخابات میںنوجوان کارکنوں بالخصوص خواتین ورکرز کو کھل کر سامنے آنا ہوگا کیونکہ انتخابی معرکے قومی جذبے کے ساتھ ساتھ سرگرم کارکنوں کی محنت کی بدولت جیتے جاتے ہیں پی ٹی آئی کی حالیہ ممبر شپ مہم انتخابی عمل میں کامیابی کی کلید ثابت ہو گی ان خیالات کا اظہار انہوںنے یونیورسٹی ٹاﺅن لیڈیز کلب اور رنگ روڈ کے مختلف چوراہوں اور مقامات پر پارٹی کی ممبر شپ مہم کی افتتاحی تقاریب سے خطاب کے دوران کیا۔پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے ان تقاریب اور اجتماعات میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی جن میں پشاور کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی ، صوبائی وزرائ، سینٹرز اور بلدیاتی نمائندوں کے علاوہ پارٹی ورکرز اور عام نوجوانوں نے پورے جوش و جذبے سے شرکت کی ۔پرویز خٹک نے کہا کہ خواتین کی سوچ ہمیشہ سے تعمیر و ترقی کی سوچ رہی ہے اور ماں ، بہن ، بیٹی کی حیثیت سے انہوںنے اسلام کی نشاة ثانیہ سے لیکر تحریک پاکستان میں کلیدی کردار ادا کیا اور عوام کا جذبہ بڑھایا ہے انہوںنے کہاکہ حالیہ انتخابات کرپٹ حکمرانوںسے نجات کیلئے فیصلہ کن اہمیت اختیار کرچکے ہیںجس میں نوجوانوں اور خواتین کارکنوں کو پوری تندہی سے حصہ لینا ہو گاتب کہیں جا کر قوم کو سیاسی مافیا سے نجات دلائی جا سکتی ہے اور ملک و قوم کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے عمران خان کو اقتدار کے ایوانوں میں لایا جا سکتا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی مثالی حکومت قائم کی گئی جس سے پورے ملک میں تبدیلی کی داغ بیل ڈال دی گئی ہے ۔انہوںنے کہاکہ آج پی ٹی آئی کے کارکن پورے فخر کے ساتھ خیبرپختونخوا میں اپنی صوبائی حکومت کی مثال دے سکتے ہیںجس میں تعلیم و صحت اور پولیس سمیت تمام شعبوں کی کایا پلٹ دی گئی ہے اور سرکاری اہلکار حکمرانوں کی غلامی کی بجائے حقیقی معنوں میں عوام کے خادم بنا دیئے گئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ یہ اصلاحات اور اقدامات تبدیلی کے سفرکا نقطہ آغازہیں تاہم عوام کی خوشحالی بالخصوص غریب لوگوں کو حقیقی ریلیف کی فراہمی کیلئے ہمیں بہت کچھ کرنا باقی ہے جس میں حالیہ انتخابات کافی اہمیت اختیار کر چکے ہیں انہوںنے اُمید ظاہر کی کہ کارکن ممبر شپ مہم کو ہر لحاظ سے کامیاب بنائیں گے۔

Scroll To Top