سری دیوی کی آخری رسومات آج ادا کی جائیں گی

aسری دیوی کی آخری رسومات کے دوران عام لوگوں اور سری دیوی کے مداحوں کا بھی علاقے میں داخلہ ممنوع ہوگا، پولیس، فوٹو: فائل

ممبئی: بالی ووڈ کی لیجنڈ اداکارہ سری دیوی کی میت دبئی سے بھارت پہنچا دی گئی ان کی آخری رسومات آج ادا کی جائیں گی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کی لیجنڈ اداکارہ سری دیوی کی میت دبئی سے بھارت پہنچا دی گئی جب کہ سری دیوی کی آخری رسومات آج ادا کی جائیں گی۔

سری دیوی کی فرانزک رپورٹ سامنے آنے کے بعد ان کی موت کو حادثاتی قرار دیا گیا تھا جس کے بعد اُن کی موت کی تحقیقات دبئی پولیس پراسیکیوشن کے حوالے کردی گئی تھیں۔ بعد ازاں دبئی پولیس نے اداکارہ سری دیوی کی موت کا کیس بند کرکے لاش ورثا کے حوالے کردی تھی جسے اب بھارت پہنچا دیا گیا ہے۔

قبل ازیں دبئی میں قائم بھارتی قونصل خانے کی جانب سے ٹوئٹ کیا گیا تھا کہ’’دبئی پولیس نے بھارتی قونصلیٹ  اور سری دیوی کے ورثا کو لاش حوالگی کا خط جاری کردیا ہے۔‘‘

دوسری جانب ممبئی میں بونی کپور کے چھوٹے بھائی انیل کپور کے گھر کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ سری دیوی کی آخری رسومات کے دوران عام لوگوں اور سری دیوی کے مداحوں کا بھی علاقے میں داخلہ ممنوع ہوگا۔

واضح رہے کہ سری دیوی تین روز قبل دبئی میں اپنے مداحوں اور چاہنے والوں کو سوگوار چھوڑ کر ہمیشہ کےلیے اس دنیا سے چلی گئیں۔ ابتدائی طور پر ان کی موت کو دل کا دورہ قرار دیا جارہا تھا تاہم فرانزک رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد انکشاف ہوا کہ سری دیوی کی موت دراصل باتھ ٹب میں ڈوبنے کے باعث ہوئی۔پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق موت کے وقت سری دیوی نشے میں تھیں ان کے جسم میں الکحل کی بڑی مقدار پائی گئی۔

Scroll To Top